اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی زندگیاں بچانے والے آئل ٹینکر ڈرائیور محمد فیصل کی ہمت کو سوشل میڈیا اور حکومتی شخصیات کی جانب سے سراہا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس نے محمد فیصل کو 'گیسٹ آف آنر ' کے طور پر اسلام آباد مدعو کر لیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے سٹریٹجک ریفارمز شعبے کے سربراہ سلمان صوفی نے محمد فیصل کو ٹیلیفون کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا۔
سلمان صوفی نے ٹویٹر پر لکھا کہ فیصل وہ ہیرو ہے جس نے بلوچستان میں لاتعداد جانیں بچائیں، انہوں نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔
مزید پڑھیں
-
آگ میں لپٹے ٹینکر کو چلا کر زندگیاں بچانے والا ڈرائیورNode ID: 675776
سلمان صوفی کے مطابق مالی انعام کے علاوہ وزیراعظم کی درخواست پر محمد فیصل کو وزیراعلیٰ بلوچستان ان کی اہلیت کے مطابق ملازمت بھی دیں گے-
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی ڈرائیور کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محمد فیصل کی جرات اور بہادری قابل ستائش ہے، انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جان بچائی ہے۔
دو روز قبل کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر ایک نجی پیٹرول پمپ پر پیٹرول خالی کرتے ہوئے ایک ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
پیٹرول پمپ پر موجود لوگوں کو بچانے کے لیے ٹینکر ڈرائیور محمد فیصل حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کے شعلوں میں لپٹے ٹینکر کو آبادی سے دور لے گئے۔
Just had a excellent phone call with Mr Faisal. The Citizen Hero who saved countless lives in Balochistan.
I have conveyed PM @CMShehbaz deep gratitude for his selfless service to humanity & invited him to Islamabad to be our guest of honor.
He has made Pakistan proud. https://t.co/ENz18NjxJd
— Salman Sufi (@SalmanSufi7) June 9, 2022
محمد فیصل نے اردو نیوز کو بتایا کہ ٹینکر میں 20 ہزار لیٹر سے زائد پیٹرول موجود تھا اور اس کے پھٹنے کا خطرہ تھا، اگر پھٹ جاتا تو بہت سے لوگوں کی جانیں جاسکتی تھیں۔
’اس لیے میں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ٹینکر کو دور لے جانے کا فیصلہ کیا۔‘
حادثے کی ویڈیوز کسی فلمی سین سے کم نہیں ہیں۔ ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک چلتے ہوئے ٹینکر میں سے آگ نکل رہی جو ایک لمبی قطار کی شکل میں دور تک پھیلی ہوئی ہے۔
محمد فیصل کی بہادری کو سوشل میڈیا پر نہ صرف عام صارفین بلکہ کئی معروف شخصیات نے بھی سراہا ہے۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے اردو نیوز کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر محمد فیصل کی بہادری کی تعریف اور انہیں نیشنل ایوارڈ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ محمد فیصل کے اس بے لوث کام کو اعلیٰ سطح پر سراہا جانا چاہیے۔
Hero’s live among us. They are every day people who put their life at risk to save others. Their acts of selflessness should be commended at the highest level. I vote that this man is given a National award for Bravery! https://t.co/fLMVnaHEcw
— Shaniera Akram (@iamShaniera) June 9, 2022