سیرت طیبہ کے مختلف پاکیزہ گوشوں کو سمجھنے کیلئے تقریباً 70کے قریب ماڈل رکھے گئے ہیں،ان میں سے ہر ماڈل کی مددسے بہت سی تفصیلات ملتی ہیں کہ مکہ مکرمہ کیسے آباد ہوا،کعبہ مشرفہ کتنی بار تعمیر ہوا
* * * اویس فرید ۔ مدینہ منورہ* * *
مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف سے جنت البقیع کی طرف آئیں تو وہاں سے ایک سیدھی سڑک مدینہ منورہ کے خوبصورت عجائب گھر کی طرف جاتی ہے جہاں دینی لحاظ سے نہایت مفید معلومات یہاں پہنچنے والے زائرین کیلئے سرمایہ حیات بن جاتی ہیں۔ یہ میوزیم مسجد نبوی سے 5سے 7کلو میٹر کی دوری پر ہے جس میں سیرت طیبہ کے مختلف پاکیزہ گوشوں کو سمجھنے کیلئے تقریباً 70کے قریب ماڈل رکھے گئے ہیں۔ ان میں سے ہر ماڈل کی مددسے بہت سی تفصیلات ملتی ہیں کہ مکہ مکرمہ کیسے آباد ہوا،کعبہ مشرفہ کتنی بار تعمیر ہوا۔ ان میں منفرد انداز سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے مبارک پہلوئوں کو اجاگر کیا گیاہے، یہ عجائب گھر دنیا بھر سے آنے والے ضیوف الرحمان کی دلچسپی کا محور بنتا ہے۔
عجائب گھر میں مسجد نبوی شریف کی تعمیر کے ماڈل ، گنبد مبارک کی تعمیر کے مراحل ، چھوٹے گنبد سے بڑے گنبد کی طرف سفر ، روپہلے سے سبز رنگ میں تبدیلی ، رسول کریم کے مسکن مبارک ، امہات المومنین رضی اللہ عنہما کے حجروں، نبی اکرم کے عہدمبارک والے مدینہ منورہ کے کئی ماڈل رکھے گئے ہیں۔ بعثتِ مبارکہ اور تاریخ کا دھارا بدل دینے والی ہجرت مبارکہ کو ماڈل کے ذریعے سے نمایاں کیا گیا ہے۔ عجائب گھر میں قرآن کریم کے ساتھ رسول اللہ کے تعلق کو خاص طور پر نمایاں کیا گیا ہے۔ نبی کریم کی مجلسِ عالی ، امہات المومنین رضی اللہ عنہما اور ان کی مبارک زندگی سے متعلق بھرپور معلومات عجائب گھر کا حصہ ہیں۔ آپ کی ولادتِ باسعادت سے لے کر وفات تک کے کئی واقعات جو ہم نے کتابوں میں پڑھ رکھے ہیں، وہ ماڈل کی شکل میں انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجائے گئے ہیں۔ ا سکے علاوہ نبی اکرم کی ہجرت مبارکہ کا راستہ ، راستے میں پیش آنے والے واقعات ، قباء تک پہنچنا،مسجد قباء ، مسجد جمعہ، مسجد نبوی شریف کی تعمیر کے مراحل، جنگ خندق اور جنگ اُحد کے واقعات ، اُحد کے پہاڑ اور سیدناحمزہ رضی اللہ عنہ کی شہادت کا واقعہ ، ان کے بارے میں ماڈل کے ذریعے تفصیلی رہنمائی ملتی ہے۔
جنگوں کے دوران پہنے جانے والے لباس ، دستی ہتھیار اور بچاؤ کے سامان کی بھی بہت خوبصورت طریقے سے سجاوٹ کی گئی ہے۔ ہر ماڈل کے پاس عربی اور انگلش میں تحریریں بھی موجود ہیں جنہیں پڑھ کر زائرین بہت مفید معلومات حاصل کرتے ہیں۔ مسجد نبوی شریف میں حجرہ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا اور مقبرہ مبارک کی درجہ بدرجہ تعمیر ، کیسے کیسے زیادہ سے زیادہ بہتری اور خوبصورتی میں اضافہ کیا گیا، اس کی تفصیل ، جنت البقیع کااحاطہ ،وہاں تدفین کے مراحل، ان کا طریقہ ،قبر کی کھدائی اور تدفین کا اندازبھی ماڈل کی شکل میںدکھایا گیا ہے۔ تقریبا ً 100سال قبل مدینہ منورہ شہر کا انداز زندگی ، اس زمانے میں عام استعمال میں آنے والے مختلف قسم کے سامان بھی اس عجائب گھر میں رکھے گئے ہیں۔ کافی زائرین یہ سمجھتے ہیں کہ یہاں پاک نبی کریم کے تبرکات رکھے گئے ہیں لیکن یہاں پر ایسا کچھ نہیں بلکہ ماڈلز کے حوالے سے بہت سے واقعات و حقائق کے بارے میں رہنمائی کی گئی ہے ۔
زائرین یہاں آ کرجب اپنی زبانوں میں تعارف کرانے والوں کو پاتے ہیں تو انتہائی خوشی محسوس کرتے ہیں۔ اس عجائب گھر میںاردو، فارسی ، ترکی، انگریزی اور عربی سمیت متعدد زبانوں کے ترجمان زائرین کو تفصیلات بتاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اویس فرید اردو زبان میں تفصیلات بتانے کیلئے بہترین ترجمان ہیں۔ وہ تمام حالات و واقعات کو تاریخ کی روشنی میں اتنے دلکش انداز سے بیان کرتے ہیں کہ سننے والا اپنے آپ کو اسی دور میں محسوس کرتا ہے۔ اکثرزائرین کا کہنا ہے کہ یہ عجائب گھر سعودی حکومت کی جانب سے مسلمانانِ عالم کیلئے نایاب تحفہ ہے۔ اس کی بدولت ہم محسن انسانیت کا جامع تعارف مبارک دیکھ کر زندگی بھر کا اپنا خواب شرمندہ تعبیر کر رہے ہیں۔ عجائب گھر دیکھ کر بلا ارادہ خوشی کے آنسو چھلک پڑتے ہیں۔