’آپ کا فن لافانی‘، سشانت سنگھ کی دوسری برسی
سشانت سنگھ 14 جون 2020 کو اپنی رہائش گاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
دو سال قبل آج ہی کے روز بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت اپنے خاندان اور مداحوں کو حیران و پریشان اور سوگوار چھوڑ گئے تھے جب اچانک ان کی موت کی خبر سامنے آئی تھی۔
تاہم ان کے چاہنے والے انہیں آج بھی یاد کرتے ہیں۔
سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا نے ان کی دوسری برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دل کو چھو لینے والے الفاظ لکھے ہیں۔
شویتا نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں لکھا ’بھائی، دو سال ہو گئے جب آپ ہمیں چھوڑ گئے تھے لیکن آپ ان اقدار کی وجہ سے لافانی ہو گئے ہیں جن کے لیے آپ کھڑے تھے۔‘
انہوں نے بھائی سشانت کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا ’شفقت اور محبت آپ کے اوصاف تھے۔ آپ بہت سے لوگوں کے لیے بہت کرنا چاہتے تھے۔ بھائی آپ نے دنیا کو تبدیل کر دیا اور آپ کی غیرموجودگی میں ہم بھی ایسا کرتے رہیں گے۔‘
انہوں نے آخر میں لکھا ’آئیے آج ہم سب مل کر ایک چراغ روشن کریں اور کسی کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنے کے لیے بے لوث طور پر آگے بڑھیں۔‘
خیال رہے 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو باندرا میں اپنی رہائش گاہ سے مردہ حالت میں ملے تھے۔
پٹنہ میں سشانت سنگھ کے گھر پر ان کی یاد میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں ان کی دوربین، کتابیں، گٹار اور دوسرا سامان رکھا گیا۔
اداکار کا فلمی کیریئر اگرچہ دس سال سے بھی کم عرصے پر محیط تھا تاہم اس دوران انہوں نے کئی یادگار فلمیں دیں جن میں کائی پوچی، ایم ایس دھونی، ان ٹولڈ سٹوری کیڈرناتھ، اور چھچھورے شامل تھیں جو 2019 میں ریلیز ہوئی، اس ے بعد ’دل بے چارہ، ان کی وفات کے بعد او ٹی ٹی پر ریلیز ہوئی۔
سوشل میڈیا صارفین بھی سشانت سنگھ راجپوت کو یاد کر رہے ہیں اور اس وقت ٹوئٹر پر ان کے نام کا ٹرینڈ بھی چل رہا ہے۔
ارم نامی صارف نے سشانت سنگھ کی 2017 میں کی جانے والی ایک ٹویٹ کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ’زندگی بہت مختصر ہے، اس کو ان لوگوں کے ساتھ گزاریں جو آپ کو مشکل وقت میں ہنساتے ہیں۔‘
اداکار کی جس ٹویٹ کا سکرین شاٹ لگایا گیا اس میں لکھا گیا تھا ’یہاں ہر طرف محبت ہے، اور میں آپ سے محبت کرتا ہوں۔‘
ٹِل آئی گیٹ اٹ رائٹ نامی ہینڈل سے 2019 میں سشانت سنگھ کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ شیئر کر کے لکھا گیا ’جب بات دل کی ہو تو پھر سب کو پتہ چلنے دو۔‘
نیرج کمار نے وقت کے جلد گزر جانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’دو سال گزر گئے، وقت واقعی اڑتا ہے۔‘
کچھ صارفین نے سشانت کی تصاویر کے ساتھ ٹویٹس کرتے ہوئے ’جسٹس فار سشانت‘ کے الفاظ بھی لکھے۔
خیال رہے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد تحقیقات ہوتی رہیں اور یہ بات سامنے آئی کہ انہوں نے خودکشی کی تھی، تاہم کچھ لوگ فلم انڈسٹری کے طاقت ور حلقوں پر الزام لگاتے ہیں کہ سشانت سنگھ ان کے امتیازی سلوک کی وجہ سے دنیا سے گئے۔