Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سشانت سنگھ کی موت کو ایک سال، ’انصاف کے لیے اور کتنا انتظار؟‘

سی بی آئی نے سشانت سنگھ کی موت کی تحقیقات کے حوالے سے عدالت میں کوئی چارج شیٹ جمع نہیں کرائی(فوٹو:سکرین گریب)
14 جون بالی وڈ انڈسٹری کے لیے ایک چونکا دینے والا دن تھا جب ابھرتے ہوئے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی زندگی کا سورج ہمیشہ کے لیے ڈوب گیا۔ گذشتہ سال 14 جون کو سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے اور ممبئی پولیس نے تصدیق کی تھی کہ 34 سالہ اداکار نے پھانسی لگا کر خودکشی کی ہے۔
بظاہر زندگی سے بھرپور نظر آنے والے اس ’سیلف میڈ‘ اداکار کے بارے میں انکشاف ہوا تھا کہ وہ کئی مہینوں سے ڈپریشن کا شکار تھے۔
سشانت سنگھ کی اچانک موت نے ان کے اہل خانہ ہی کو نہیں بلکہ ان کے مداحوں کو بھی صدمے سے دوچار کیا تھا اور وہ یہ ماننے کے لیے تیار ہی نہیں تھے کہ سشانت جیسا زندہ دل انسان خودکشی کر سکتا ہے۔
انڈیا میں سوشل میڈیا پر کئی مہینوں تک سشانت سنگھ کا نام ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا اور صارفین کی بڑی تعداد بالی وڈ میں اقرباپروری کو انڈین اداکار کے ڈپریشن کی وجہ قرار دیتے رہے۔
فلم انڈسٹری کے مشہور ہدایتکار کرن جوہر بھی تنقید کی زد میں آئے جن پر الزام لگایا گیا کہ وہ صرف مشہور سلیبریٹیز کے بچوں کو ہی اپنی فلموں میں کاسٹ کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سشانت کے فینز نے اپنی توپوں کا رخ عالیہ بھٹ، سونم کپور، کرینہ کپوراور سناکشی سنہا کی جانب بھی موڑا اور ان فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر فالوؤرز کی تعداد میں بھی کمی دیکھی گئی۔

سشانت سنگھ کی خودکشی کا معاملہ انڈین سپریم کورٹ پہنچا تو عدالت نے تفتیشی ادارے سی بی آئی کو تحقیقات کا حکم دے دیا (فوٹو: گیٹی امیجز)

اس سارے معاملے میں سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کا تذکرہ بھی ہوا اور سشانت سنگھ کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ ریا نے انہیں خودکشی پر اکسایا اور انہیں اپنے خاندان کے افراد سے دور کیا۔
ریا چکرورتی نے پہلے تو خاموشی اختیار کیے رکھی مگر بعد میں ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ’انصاف ملے گا اور سچ غالب آئے گا۔‘
سشانت سنگھ کی خودکشی کا معاملہ انڈین سپریم کورٹ پہنچا تو عدالت نے تفتیشی ادارے سی بی آئی کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔
انڈین اداکار کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات میں پیشرفت ہوئی اور ریا چکرورتی اور سشانت کی بزنس مینیجر شروتی مودی کی واٹس ایپ چیٹ منظر عام پر آنے کے بعد ایک نیا پنڈورا باکس کھل گیا۔
چیٹ ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ ریا چکرورتی مبینہ طور پر غیرقانونی منشیات کا استعمال کر رہی تھیں اور سشانت سنگھ کے لیے بھی ڈرگز کا بندوبست کر رہی تھیں۔

ریا چکرورتی کو سشانت سنگھ کی موت سے منسلک منشیات کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تاہم بعد میں  ان کی درخواست ضمانت منظور ہوگئی (فوٹو:انسٹاگرام)

مزید تحقیقات میں بالی وڈ کے فنکاروں میں منشیات کے کثرت سے استعمال کا بھی انکشاف ہوا اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بالی وڈ اداکارہ دیپکا پاڈوکون سمیت کئی فنکاروں سے پوچھ گچھ کی۔
ریا چکرورتی کو سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے منسلک منشیات کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تاہم بعد میں ممبئی ہائی کورٹ نے ان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
سشانت سنگھ کی موت کے معاملے کی تفتیش کے لیے ایمز کے اس فورینزک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا جس میں سات ڈاکٹر شامل تھے۔
ایمز نے اپنی  میڈیکل رپورٹ سی بی آئی کو جمع کرائی جس میں کہا گیا تھا کہ ’اداکار کے جسم پر  مزاحمت یا جھگڑے کے کوئی نشان نہیں ملے، نہ ہی ان کے جسم میں کس قسم کی منشیات کی موجودگی پائی گئی۔‘
تفتیشی ادارے سی بی آئی نے ابھی تک عدالت میں کیس کے حوالے سے کوئی چارج شیٹ جمع نہیں کرائی ہے۔

سوشل میڈیا پر ردعمل:

سوشل میڈیا پر سشانت سنگھ راجپوت کے مداح ان کی پہلی برسی کے موقع پر انہیں یاد کرتے ہوئے ان کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

نیرا کے نام سے توئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’بے دردی سے قتل کیے جانے والے سشانت سنگھ کو انصاف نہ ملنے کا ایک سال۔ ہمیں مزید کتنا انتظار کرنا ہوگا؟‘

سومیادیپتا نے لکھا کہ ’سشانت سنگھ راجپوت کی المناک موت کو ایک سال گزر چکا ہے اور سی بی آئی کی کیس کی تحقیقات کو 10 ماہ ہو چکے ہیں۔ آج سشانت سنگھ کے مداح صرف ایک سوال پوچھ رہے ہیں کہ سی بی آئی کو تحقیقات میں اتنا وقت کیوں لگ رہا ہے؟‘

ایک اور صارف رشمی دولہر نے لکھا کہ ’ایک سال ہو گیا اور ابھی تک انصاف نہیں ملا۔ ہم سشانت سنگھ کے مداح ان کی آواز ہیں، ہم سشانت سنگھ راجپوت کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہم اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک آپ کو انصاف نہیں مل جاتا۔‘

شیئر: