’قوم کھڑی نہ ہوئی تو کوئی وزیراعظم خارجہ پالیسی نہیں بنا سکے گا‘
’قوم کھڑی نہ ہوئی تو کوئی وزیراعظم خارجہ پالیسی نہیں بنا سکے گا‘
جمعرات 16 جون 2022 10:35
عمران خان نے کہا کہ ’کہا گیا آپ کو عدم اعتماد پر ووٹنگ قبول کرنی چاہیے تھی‘ (فوٹو: سکرین گریب)
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ’اگر پاکستانی قوم کھڑی نہیں ہو گی تو کوئی وزیراعظم خارجہ پالیسی نہیں بنا سکے گا۔‘
جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’کہا گیا آپ کو عدم اعتماد پر ووٹنگ آئینی طور پر قبول کرنی چاہیے تھی۔ ہم اگر ابھی سٹینڈ نہیں لیں گے تو جو بھی وزیراعظم آئے گا اسے یہی دھمکی ملے گی۔‘
انہوں نے ایک بار پھر ’سازش‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’سات مارچ کو امریکی سیکرٹری سٹیٹ پاکستانی سفیرسے ملاقات کرتے ہیں اور کہتے ہیں عمران خان روس کیوں گیا۔ آٹھ مارچ کو تحریک عدم اعتماد جمع کرائی جاتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اچانک ہمارے اتحادیوں کو بھی خیال آتا ہے کہ حکومت بہت بری ہے۔ امریکی سفارتخانے میں اپوزیشن لیڈر ملاقاتوں کے لیے جانے لگے، ہماری پارٹی کے لوٹے امریکی سفارتخانے میں ملاقاتیں کر رہے تھے۔ سندھ اسمبلی میں منڈی لگتی ہے اور پھر تحریک عدم اعتماد منظور ہو جاتی ہے۔‘
عمران خان نے بتایا کہ ’جب سازش کا پتا چلا تو نیوٹرلز کو سمجھایا کہ کسی قسم ڈی سٹیبلائزیشن نہ ہونے دیں۔ اگر سازش کامیاب ہو گئی تو ملک معاشی طور پر تباہ ہو جائے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ‘نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے تسلیم کیا کہ مداخلت ہوئی تو کیا اس مراسلے پر تحقیقات نہیں ہونی چاہیے تھیں؟‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پھر پیٹرول کی قیمت بڑھائی گئی جبکہ انڈیا میں 25 روپے کم کر دی گئی ہے (فوتو: اے ایف پی)
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’جس روس کے دورے پر سازش ہوئی، اسی نے ہمیں سستی گندم اور تیل دینا تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہماری حکومت کے شروع کے دو سال مشکل تھے، اگر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین مدد نہ کرتے تو ملک کا دیوالیہ نکل جاتا۔‘
سابق وزیراعظم نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کا رول آف لا دفن ہو رہا ہے۔ نیب اور ایف آئی اے پر شہباز شریف بیٹھ گیا ہے۔ یہ سوچ لیں نیب ختم تو پرانے کیسز بھی ختم۔‘
انہوں نے کہا کہ سارے ادارے جنہوں نے جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے وہ خطرے میں ہیں۔ ملک میں اس وقت قانون کی دھجیاں اُڑ رہی ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’تگڑا شو کرنے والا ہوں لیکن بتاؤں گا نہیں کیا کرنے والا ہوں۔ بس اتنا کہوں گا کہ آپ سب نے اس میں شرکت کرنی ہے۔‘