لندن...برطانوی کابینہ نے ملک میں 8 جون کو قبل از وقت انتخابات کرانے کی منظوری دی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم تھریسامے نے کہا کہ انتخابات ملکی مفاد میں ہیں اور ہمیں انتخابات کی ضرورت ہے۔ بریگزٹ کے بعد کی صورتحال کے لئے برطانیہ کو مضبوط لیڈر چاہیے۔ انتخابات ملک میں استحکام لانے کاواحد راستہ ہیں۔ کابینہ قبل از وقت انتخابات کی منظوری دے چکی ہے ۔ اب بدھ کو پارلیمنٹ میں رائے شماری کرائی جائے گی ۔ برطانوی وزیر اعظم نے اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی اس تجویز کا ساتھ دیں تاکہ ووٹروں کو موقع فراہم کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں سے برطانوی پونڈ کی قدر میں بھی کمی ہوئی ہے۔