Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسئلہ فلسطین کا حل ہی امن کی کلید ہے، سربراہ عرب لیگ

دو قوموں کے ساتھ اسرائیلی ریاست کا منظر نامہ کسی صورت ممکن نہیں۔ فوٹو عرب نیوز
عرب  لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن اور دیرپا تعاون کے قیام کی واحد کلید مسئلہ فلسطین کا حل ہے۔ فلسطینیوں کے حقوق کو نظرانداز کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ کا مستقبل کبھی خوشحال نہیں ہو سکتا۔
عرب نیوز کے مطابق رواں ہفتے نویں باکو انٹرنیشنل فورم میں مشرق وسطیٰ کے مستقبل کے بارے میں ایک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ابو الغیط نے کہا  کہ مسئلہ فلسطین کے  حل کے لیے اسرائیل کو متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کا احترام کرنے، 4 جون 1967 کی حدود میں واپس جانے کا عہد کرنے اور مشرقی بیت المقدس کو  فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے زور دے کر کہا کہ جب تک اسرائیل فلسطینی عوام کے حقوق کا مکمل احترام نہیں کرتا اس وقت تک علاقائی تعاون نازک اور آتش گیر ہی رہے گا ۔
اس موقع پر ابوالغیظ نے مزید کہا کہ عالمی ممالک کی ترجیحات کی فہرست میں فلسطین کے مسئلے میں دلچسپی میں کمی پر میں شدید تشویش کا شکار ہوں۔
انٹرنیشنل فورم سے خطاب کرتے ہوئے جس میں اسرائیل کے سابق وزیراعظم ایہود باراک بھی شامل تھے احمد ابوالغیط نے کہا کہ فلسطینیوں کے حقوق کو نظرانداز کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ کا مستقبل کبھی خوشحال نہیں ہو سکتا۔

اسرائیلیوں کو میرا مشورہ ہے کہ اب اس فلسطین کے مسئلے کو حل کر لیں۔۔ فوٹو ٹوئٹر

احمد ابو الغیط نے مزید کہا کہ دو قوموں یعنی فلسطینی اور اسرائیلی عوام کے ساتھ ایک اسرائیلی ریاست کے منظر نامے کو قبول کرنا کسی صورت ممکن نہیں۔
کوئی بھی منصوبہ جس میں فلسطینی عوام کو نظر انداز کیا جائے یا ان کے خاتمے کا تصور کیا جائے، اس کا مکمل ہونا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا اسرائیلیوں کو میرا مشورہ ہے کہ اب اس مسئلے کو حل کر لیں۔
 

شیئر: