شاہ رخ خان کی وہ فلمیں جو باکس آفس پر ’بری طرح‘ فلاپ ہوئیں
شاہ رخ خان کا شمار دنیا کے امیر ترین فنکاروں میں بھی ہوتا ہے (فوٹو: روئٹرز)
شاہ رخ خان کا شمار بالی وڈ ہی نہیں، بلکہ دنیا کے کامیاب ترین فنکاروں میں ہوتا ہے۔
شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر میں لازوال فلمیں دی ہیں جنھوں نے باکس آفس پر دھوم مچائی ہے۔
شاہ رخ خان کا شمار دنیا کے امیر ترین فنکاروں میں بھی ہوتا ہے۔
لیکن گزشتہ چند سالوں میں شاہ رخ خان کی فلمیں خاطر خواہ بزنس نہیں کرپائیں جس کے باعث کنگ خان کو ایک لمبا وقفہ لینا پڑ رہا ہے۔
آئیے جانتے ہیں کہ شاہ رخ خان کی باکس آفس پر فلاپ ہونے والی فلمیں کون سی ہیں۔
جب ہیری میٹ سیجل:
شاہ رخ خان کی 2017 میں ریلیز ہونے والی یہ پکچر فلم بینوں اور ناقدین کو بالکل بھی متاثر نہ کرسکی۔ فلم کی کہانی ایک پنجابی گائیڈ کے گرد گھومتی ہے جو یورپ میں رہتا ہے اور اسے ایک سیاح سے پیار ہوجاتا ہے جس کے بعد وہ پریشانی اور مشکلات کا شکار ہوجاتا ہے۔
فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ انوشکا شرما نے سیجل کا مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ فلم نے باکس آفس پر صرف 64 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا جس کے باعث اس فلم کو فلاپ قرار دیا گیا تھا۔
فین:
2016 میں یش راج بینرز کے سائے تلے ریلیز ہونے والی یہ فلم باکس آفس پر بری طرح فلاپ رہی۔
فلم میں شاہ رخ خان دو کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم کی کہانی ایک دیوانے مداح کے گرد گھومتی ہے جو اپنے پسندیدہ ایکٹر سے ملنے کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہوجاتا ہے۔ ناقدین نے فین کو ہالی ووڈ کی فلم ’دی فین‘ کی نقل قرار دیا تھا جس کے باعث فلم نے باکس آفس سے 84 کروڑ روپے کمائے تھے۔
سوادیس:
2004 میں ریلیز ہونے والی فلم سوادیس کا شمار ’کلٹ کلاسک‘ فلموں میں ہوتا ہے جنھیں اپنے وقت پر تو پریزائی نہ مل سکی، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس فلم کو بہت پسند کیا جانے لگا۔
سوادیس میں شاہ رخ خان امریکی خلائی کمپنی ناسا کے سائنسدان کا کردار ادا کرتے ہیں اور واپس انڈیا آکر اپنے گاؤں میں بجلی کی فراہمی کا کامیاب منصوبہ بناتے ہیں۔ فلم کی نوعیت سماجی مسائل پر ہے، لیکن ناقدین اور فلم بینوں کا ماننا ہے کہ اس زمانے میں بالی ووڈ میں ایکشن مصالحہ فلموں کو زیادہ پسند کیا جاتا تھا جس کے باعث سوادیس باکس آفس پر 16 کروڑ روپے کما کر بری طرح ناکام رہی۔
دل سے:
1998 میں منی رتنم کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم مداحوں کو اپنی منفرد کہانی کے باعث آج تک تو یاد ہے، لیکن اس فلم نے باکس آفس پر مایوس کن کارکردگی دکھائی تھی۔
فلم دل سے آل انڈیا ریڈیو پر کام کرنے والے ایک آر جے کی ایسی کہانی ہے جسے ایک اجنبی لڑکی سے محبت ہوجاتی ہے اور وہ اس کے ساتھ زندگی بتانا چاہتا ہے، لیکن اس کی اصلیت سے واقف نہیں ہوتا۔ فلم اپنے مشہور زمانہ گانے چھیاں چھیاں کی وجہ سے ابھی تک یاد کی جاتی ہے مگر یہ دس کروڑ کے معمولی بزنس سے فلم فلاپ قرار دی گئی تھی۔
زیرو:
2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ کا شمار شاہ رخ خان کی کمزور فلموں میں کیا جاتا ہے۔
شاہ رخ خان ایک بونے کا کردار ادا کرتے ہیں جو ایک معذور سائنسدان کی محبت میں گرفتار ہوجاتا ہے اور اس کے خلائی سفر پر روانہ ہوتا ہے۔ فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ انوشکا شرما اور کترینہ کیف نے بھی کردار ادا کیا تھا، لیکن فلم کی کہانی اور موسیقی کو فلم بینوں کی جانب سے پسند نہیں کیا گیا تھا جس کے باعث فلم صرف 90 کروڑ کما کر بری طرح فلاپ رہی۔