نئی دہلی۔۔۔۔بی سی سی آئی کا خصوصی اجلاس عام ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی ، آئی سی سی کی طرف سے بگ تھری کا ریونیو کم کرنے کے منصوبے کی شدید مخالفت کرتی ہے اور اگر ایسا ہوا تو ہندوستان چیمپیئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کردیگا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اس مہینے کے آخر میں ہونیوالے آئی سی سی اجلاس میں 2014ء میں بنائے گئے آئی سی سی ریونیو کی شق کا تحفظ کیا جائے گا۔بی سی سی آئی کا اجلاس 2گھنٹے جاری رہا جس میں قائم مقام صدر سی کے کھنہ ،جوائنٹ سیکریٹری امیتابھ چودھری اور خزانچی ہنی ردھ چودھری نے شرکت کی۔ان سب نے فیصلہ کیا کہ آئی سی سی کے نئے آئین کی مخالفت کی جائیگی جس کے تحت ریونیو اختیارات میں ہندکے حصے کو کم کیا جارہا ہے۔حکام اس بات پر متفق نہیں کہ آئی سی سی معاہدے کی خلاف ورزی کررہی ہے۔اجلاس کے ایک ذریعے نے بتایا کہ وہ صرف سیاسی وجوہ کی بناپر پاکستان کے ساتھ نہیں کھیل رہے ورنہ تو وہ فیوچرٹورز پروگرام کے تحت اس کے ساتھ کھیل سکتا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بی سی سی آئی اپنا ایک آپشن استعمال کرسکتا ہے اور وہ یہ کہ انگلینڈ میں یکم جون سے شروع ہونیوالی چیمپیئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کریگی۔