یوکرین پر حملے کے بعد پوتن پہلے غیرملکی دورے پر کہاں جا رہے ہیں؟
یوکرین پر حملے کے بعد پوتن پہلے غیرملکی دورے پر کہاں جا رہے ہیں؟
پیر 27 جون 2022 8:39
ولادیمیر پوتن نے رواں سال اپنا آخری غیرملکی دورہ فروری کے اوائل میں چین کا کیا تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
روس کے سرکاری ٹی وی نے کہا ہے صدر ولادیمیر پوتن رواں ہفتے سینٹرل ایشیا میں دو سابق سوویت ریاستوں کا دورہ کریں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ روسی صدر کا یوکرین پر حملے کے حکم کے بعد پہلا غیرملکی دورہ ہو گا۔
روس کے رواں سال 24 فروری کو یوکرین پر حملے سے ہزاروں افراد ہلاک جبکہ لاکھوں بے گھر ہو گئے ہیں۔ خود روس کو مغرب کی جانب سے نہائیت سخت پابندیوں کا سامنا ہے۔
پوتن نے کہا ہے کہ یہ (پابندیاں) دوسری طاقتوں چین، انڈیا اور ایران سے تجارتی تعلقات مضبوط کرنے کی وجہ ہیں۔
سرکاری ٹی وی روس 1 کے نمائندے پاول زروبین کے مطابق پوتن تاجکستان اور ترکمانستان کا دورہ کریں گے اور پھر ماسکو میں انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ دوشنبہ میں، پوتن تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کریں گے، جو روس کے قریبی اتحادی اور سابق سوویت ریاست کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے حکمران ہیں۔ اشک آباد میں وہ کیسپین ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جن میں آذربائیجان، قازقستان، ایران اور ترکمانستان کے رہنما شامل ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی آر آئی اے نے روس کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی سپیکر ویلنٹینا ماتویینکو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ روسی صدر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ ایک فورم میں حصہ لینے کے لیے 30 جون اور یکم جولائی کو بیلاروس کے شہر گروڈنو کا دورہ کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
ولادیمیر پوتن نے رواں سال اپنا آخری غیرملکی دورہ فروری کے اوائل میں چین کا کیا تھا، جہاں انہوں نے اور چینی صدر شی جن پنگ نے اولمپک سرمائی کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے چند گھنٹے قبل ’لا محدود دوستی‘ کے معاہدہ کیا تھا۔
دوسری جانب روسی افواج پیر کو مشرقی لوہانسک صوبے میں یوکرین کے فوجیوں کے زیر قبضہ آخری بڑے شہر لیسیچانسک پر قبضہ کرنے کے لیے لڑ رہی ہیں۔ جبکہ ماسکو کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں نے کہا کہ وہ متعدد محاذوں پر پیش قدمی کر رہے ہیں۔