مسائی مار ...... کینیا کے مسائی مارا نیشنل پارک میں ایک ہولناک واقعہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب پارک سے گزرنے والی چھوٹی ندی کے کنارے بیٹھا ہوا انتہائی بڑا مگر مچھ شکار کی تاک میں بیٹھا تھا ۔ سامنے سے اس نے ایک ہرن کو پانی کی طرف آتے دیکھکر خود کو پانی کے اندر کرلیا اور اسکی نظر سے چھپنے کی کوشش کی تاہم جیسے ہی شدید گرمی کی وجہ سے ہرن پانی پینے کیلئے ندی میں داخل ہوا اس مگر مچھ نے اچانک حملہ کرکے اسے ہلاک کردیا اور پھر کچھ ہی دیر میں نگل گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مگر مچھ کم سے کم 16فٹ لمبا تھا۔ اس نے پہلے ہرن کی ٹانگ پکڑی اور اسے گھسیٹ کر پانی میں لے گیا۔ اس کے بعد اس نے ہرن کو چیرنا پھاڑنا شروع کردیا کیونکہ شاید شکار بننے والا ہرن بھی بڑے سائز کا تھا اور سالم حالت میں اسے نگلنا مگر مچھ کے بس کی بات نہیں تھی۔پریشانی کی وجہ سے مگر مچھ نے پہلے اس کے دو ٹکڑے کئے اور پھر دونوں ٹکڑوں کو نگلنے میں کامیاب ہوگیا۔ حملہ آور مگر مچھ کا وزن کم سے کم آدھا ٹن بتایا جاتا ہے۔ موقع کی تصویر کینیڈا سے تعلق رکھنے والے فوٹو گرافر جیفری وو نے اتاری ہے جو اس موقع پر پارک کی سیر کررہے تھے۔ انکا کہناہے کہ وہ اس ہولناک منظر کو دیکھ کر کچھ دیر کیلئے سکتے میں آگئے۔ فوٹو گرافر کے بیان کے مطابق وہ اور انکے کچھ ساتھی کینیا اور بوٹسوانا میں فوٹو گرافی کیلئے نکلے تھے کہ یہ عجیب و غریب صورتحال انکے سامنے آئی۔ واضح ہو کہ اس علاقے میں اچھی اور ہری بھری گھاس پائی جاتی ہے اور ہرن اسی کے چکر میں آتے ہیں ۔ انکا زیادہ تر تعلق زیبرا سے رہتا ہے۔ اس ہرن کی ہلاکت کے بعد مگر مچھ بھی پانی میں کہیں چلا گیا اور اس کے بعد 10، 12ہرنوں کا ایک گروپ موقع پر پہنچا شاید وہ اپنے بچھڑے ساتھی کو ڈھونڈ رہا تھا۔