Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بھکر سے کراچی جانے والی بس میں خاتون کے ساتھ زیادتی، ملزم گرفتار

ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو)
پولیس نے بس کے ذریعے صوبہ پنجاب سے کراچی سفر کرنے والی خاتون کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اتوار کو پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ بس کنڈیکٹر نے خاتون کے ساتھ زیادتی کی تھی جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ملزم کے خلاف جام پور کے تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے خاتون کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا تھا۔
پولیس کے مطابق 30 برس کی شازیہ نامی خاتون صوبہ پنجاب کے علاقے بھکر سے مسافر بس میں کراچی کے لیے اکیلے سفر کر رہی تھی۔
’مسافر گاڑی راجن پور کی تحصیل جام پور کے قریب ہوٹل پر کھانے کے لیے رُکی تو بس میں سوار دیگر چھ مسافر بس سے اتر کر ہوٹل چلے گئے جبکہ خاتون بس میں ہی موجود رہی۔ خاتون کو اکیلے بس میں دیکھ کر کنڈیکٹر سلیم نے خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔‘
وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث شخص کے خلاف کارروائی کے احکامات دیے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں دوران سفر زیادتی اور ہراسیت کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے اندرون ملک سفر کرنے والی خواتین اور خواجہ سراؤں کے لیے ’سفر سہیلی‘ کے نام سے ایپ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
اس ایپ کو خواتین اور خواجہ سرا دوران سفر استعمال کرسکیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد حاصل کرسکیں گے۔

سفر سہیلی ایپ پاکستان ریلویز کے ہیڈ کوارٹر سے کنڑول کی جائے گی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی

ابتدائی طور پر یہ ایپ ٹرین میں سفر کرنے والوں کے لیے متعارف کروائی جا رہی ہے۔ اس کے ذریعے ٹرین سے سفر کرنے والی وہ خواتین اور خواجہ سرا جن کے پاس سمارٹ فونز نہیں ہیں ان کے لیے ریل کے ڈبوں میں ایس او ایس کا بٹن نصب کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے سٹریٹیجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے ٹویٹ کیا کہ ’سہیلی ایپ کا ریل گاڑیوں میں ٹیسٹ رن کیا جا رہا ہے۔ یہ ایپ عید سے قبل ٹرینوں میں نافذ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘
پاکستان ریلویز کے انفارمیشن افسر اعجاز شاہ کے مطابق اس ایپ کے ذریعے مسافر براہ راست ریلوے ہیڈ کوارٹر پولیس اور ٹرین میں موجود خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ رابطے میں ہوں گے۔
’ایس او ایس کے بٹن کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال میں پولیس کو اطلاع دینے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔ یہ ایپ پاکستان ریلویز کے ہیڈ کوارٹر سے کنڑول کی جائے گی۔‘
 انہوں نے بتایا کہ ’یہ پروجیکٹ وزیراعظم سٹریٹیجک ریفارمز ڈیپارٹمنٹ کا ہے، اس ایپ میں پاکستان ریلویز نے مدد فراہم کی ہے۔ وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق ان کے ساتھ مل کر اس منصوبے کو لا رہے ہیں۔‘
اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں نے جہاں اس فیصلے کو سراہا ہے وہیں ان خدشات کا بھی اظہار کیا ہے کہ دوران سفر بیشتر مقامات پر انٹرنیٹ سگنلز نہ ہونے کے برابر ہیں ایسے میں یہ سروس کیسے کامیاب ہوگی؟ ان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے قبل راستے میں موبائل سگنل اور گاڑیوں میں وائی فائی کا موثر انتظام کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ملتان سے کراچی جاتے ہوئے زکریا ایکسپریس میں ایک خاتون کا ٹرین کے اندر مبینہ گینگ ریپ کیا گیا تھا۔
زکریا ایکسپریس ایک نجی کمپنی ایس ایس آر گروپ کے تحت چلتی ہے اور خاتون کے ریپ میں اسی ٹرین کے تین ملازمین شامل تھے جنہیں گرفتار کرکے میڈیکل ٹیسٹ کروانے پر زیادتی کرنے کی تصدیق ہوئی تھی اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔
محکمہ ریلویز پاکستان نے اس واقعے کے بعد سفرسہیلی ایپ لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

شیئر: