Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنگ ختم ہوگی؟ میرا بیٹا زندہ واپس آئے گا؟ روسیوں کے نجومیوں سے رابطے

جنگ کے بعد سے یوکرین اور روس میں نجومیوں کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
یوکرین جنگ کے بعد سے پیدا ہونے والی غیر یقینی کی صورتحال میں زیادہ سے زیادہ روسی شہریوں نے نجومیوں کا آسرا لینا شروع کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس میں نجومی اور ماہرین نفسیات ویسے بھی خاص اہمیت رکھتے ہیں لیکن ہنگامہ خیز حالات میں ان کی طلب میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔
روس کے دوسرے بڑے شہر اور سابق دارالحکومت سینٹ پیٹرزبرگ میں بھی آج کل کچھ ایسے ہی حالات ہیں، جب ہر شخص اپنی ہی جگہ پر ملک کے مستقبل سے متعلق سوالوں کے جواب تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ کیا ایٹمی جنگ ہونے جا رہی ہے؟ کیا یوکرین کے ساتھ جنگ میں روس کی فتح ہوگی؟ کیا میرا بیٹا زندہ واپس آئے گا؟
سینٹ پیٹرزبرگ کی 63 سالہ ایلینا نامی نجومی روزانہ اپنے اپارٹمنٹ میں ایسے کئی افراد کو قسمتوں کا حال پڑھ کر سناتی ہیں جو مستقبل کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
’لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ دنیا سے بالکل علیحدہ ہو کر روس کا مستقبل کیا ہوگا؟’
ایلینا کی اپنے شعبے میں مہارت ہی سینٹ پیٹرز برگ میں ان کی شہرت کا باعث ہے۔
ایلینا کی پیشن گوئی کے مطابق ماسکو نہ صرف معاشی بحران سے باہر نکل آئے گا بلکہ فتح بھی پائے گا۔
ان کے مطابق ’ستمبر میں سیاسی طوفان میں شدت پیدا ہوگی لیکن روس اس میں سے مستحکم اور کامیاب ہو کر نکلے گا۔‘
ایلینا کا کہنا ہے کہ 24 فروری کو صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے یوکرین میں فوج بھیجنے کے بعد سے ان کے کلائنٹس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ وہ اپنے فی کلائنٹ سے ایک سیشن کا 90 ڈالر لیتی ہیں۔

  روس نے لوہانسک کے علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیٹ پر روس کے مقامی سرچ انجن ’یانڈیکس‘ کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ یوکرین تنازع کے پہلے ہفتے میں نجومیوں کے لیے کی گئی سرچ میں دگنے سے بھی زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
19 فروری کو 42 ہزار 900 مرتبہ نجومیوں کو سرچ کیا گیا جبکہ یہی تعداد پانچ مارچ کو بڑھ کر 95 ہزار ہو گئی۔
ماسکو کے معروف نجومی کونسٹنٹین دراگن جنہوں نے کورونا وائرس کی بھی پیشن گوئی کی تھی کا کہنا ہے کہ روس نہ صرف یوکرین کی سرزمین پر جیتے گا بلکہ مغربی ممالک کے ساتھ تنازعات میں بھی سرخرو ہوگا۔
انہوں نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ حالیہ تنازع کے بعد روس کو دنیا میں مرکزی مقام حاصل ہوگا۔
کونسٹنٹین دراگن کا کہنا ہے کہ یوکرین تنازع کے بعد سے ان کے ’سکول آف اسٹرالوجی‘ میں طالب علموں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب یوکرین کے میڈیا میں ولاد روس نامی نجومی مستقبل کا حال سناتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ان کے خیال میں صدر ولادیمیر پوتن شدید بیمار ہیں اور مارچ 2023 کے بعد زندہ نہیں بچ سکیں گے۔
یوکرین سے تعلق رکھنے والی ایک اور نجومی اینجیلا پرل نے اپنی حالیہ ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ روس کا نشان زحل ہے جبکہ یوکرین کا یورینس اور اسی تناظر میں یوکرین کو عنقریب فتح ہوگی۔
روس کے ماہر عمرانیات الیکسی لیونسن کے خیال میں تذبذب کا شکار روسی شہری ستاروں کے علم کے ذریعے حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
الیکسی لیونسن کا کہنا ہے کہ آج کل کے دور میں علم نجوم ایک نیا مذہب بن گیا ہے یا بہت سے لوگوں کے لیے نفسیاتی علاج کا ایک ذریعہ بھی ہے۔

شیئر: