’کاپی کے پھٹے پرانے صفحے پر لکھی میری درخواست پڑھ کر وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے جو الفاظ ادا کیے وہ آج بھی میرے کانوں میں گونجتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ کون لوگ ہیں جو تمھیں پڑھنے سے روک رہے ہیں؟‘
یہ کہانی ضلع چترال کے گاؤں ایون سے تعلق رکھنے والے محمد علی جناح المعروف جناح لال کی ہے جنہیں سکول انتظامیہ نے زیادہ عمر کا جواز بناتے ہوئے نویں جماعت سے نکال دیا تھا۔
45 سال قبل اقتدار سے محروم ہونے والے بھٹو کو آج بھی لاکھوں لوگ یاد کرتے ہیں جن میں ایون کے جناح لال بھی شامل ہیں۔
ٹھیک 45 سال پہلے آج ہی کے دن اس وقت کے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا تختہ جنرل محمد ضیاالحق نے بہ زور طاقت الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔
مزید پڑھیں
-
جب بھٹو کرکٹ کے دیوانے تھےNode ID: 483296
-
ذوالفقار علی بھٹو پر قتل کا مقدمہ یا ’مقدمے کا قتل‘Node ID: 554291
-
پاکستانی سیاست میں کون سی ڈیل کامیاب ہوئی اور کون سی ناکام؟Node ID: 632981
جناح لال کے مطابق بھٹو صاحب کا فلسفہ تھا کہ غربت کوئی قانون خداوندی نہیں کہ غریب ہمیشہ غریب ہی رہے۔
اردو نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں جناح لال نے بتایا کہ ان کی ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ پہلی اور آخری ملاقات 1972 یا 1973 میں ہوئی جب انہیں آٹھویں جماعت کے بعد سکول چھوڑے بہت عرصہ گزر چکا تھا۔
جناح لال نے بتایا کہ ایک دن انہیں اور ان کے دوست کو دوبارہ تعلیم شروع کرنے کا خیال آیا تو انہوں نے اپنے گاؤں کے ہائی سکول میں نویں جماعت میں داخلہ لے لیا لیکن چار دن بعد ہی سکول کے ہیڈماسٹر نے گھر بھیج دیا۔
’ہیڈماسٹر صاحب نے کہا کہ آپ لوگوں کی عمر زیادہ ہو چکی ہے۔ اس لیے آپ مزید نہیں پڑھ سکتے۔‘
جناح لال کے مطابق زیادہ عمر کو جواز بنا کر ان کو اور ان کے دوست کو سکول سے نکال دیا گیا۔
لیکن کچھ ایسا اتفاق ہوا کہ انہی دنوں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو چترال کے دورے پر آئے اور مقامی ایم پی اے قادر نواز (جو بعد میں صوبائی وزیر بنے) کے توسط سے جناح لال اور ان کے دوست نے بھی بھٹو سے ملاقات کی۔
’ہم نے وزیراعظم بھٹو سے چترال کے سکاؤٹ مِیس میں ملاقات کی۔ میں نے کاپی کے ایک پھٹے پرانے صفحے پر سکول سے نکالے جانے کے خلاف بھٹو صاحب کے نام درخواست لکھی ہوئی تھی۔‘
جناح لال بتاتے ہیں کہ بھٹو صاحب نے ان کی درخواست پر نظر ڈالنے کے بعد سر اٹھا کر جو رد عمل دیا وہ آج بھی انہیں کل کی طرح یاد ہے۔
’یہ کون لوگ ہیں جو تمہیں پڑھنے سے روک رہے ہیں۔ جاؤ جا کر پڑھو۔ یہ الفاظ تھے بھٹو صاحب کے جو آج بھی میرے کان میں گونجتے ہیں۔‘
’یہ سن کر ہم خوشی خوشی واپس اپنے گاؤں ایون گئے اور صبح سکول چلے گئے، ہیڈ ماسٹر صاحب کو بتایا کہ وزیراعظم بھٹو نے ہمیں کہا ہے کہ جاؤ جا کر پڑھ لو۔ ہم پڑھنے آئے ہیں۔‘
جناح لال کے مطابق ہیڈ ماسٹر صاحب نے کہا کہ ’بھٹو صاحب کے ’جاؤ جا کر پڑھ لو‘ کہنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ اس کے لیے تحریری حکمنامہ چاہیے ہوگا۔ آپ کو ہم ایسے نہیں سکول میں چھوڑ سکتے۔‘
جناح لال کے مطابق ان کی خوشی عارضی ثابت ہوئی اور وہ مایوس ہو کر گھر واپس چلے گئے۔
’تقریباً چار سے پانچ دن بعد وہی ہیڈ ماسٹر سکول سے دوڑتا ہوا میرے گھر آیا اور کہا کہ سکول آجائیں پڑھنے کے لیے، آپ لوگوں کے حوالے سے تحریری حکمنامہ آگیا ہے۔‘
’اس طرح ذوالفقار علی بھٹو کی بدولت ہم نے سکول کی تعلیم مکمل کی اور آگے کالج میں بھی تعلیم حاصل کی۔ میرے دوست گریجویشن کرنے کے بعد سکول ٹیچر مقرر ہوئے اور سروس مکمل کرکے آج کل ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔‘
