Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت اطلاعات اور آئی ایس پی آر کا پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کو یادگار بنانے کا فیصلہ

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے شرکت کی (فوٹو: وزارت اطلاعات)
وزارت اطلاعات و نشریات اور افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے مجوزہ تقریبات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔   
اس حوالے سے بدھ کو اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے شرکت کی۔
وزارت اطلاعات کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈائمنڈ جوبلی کے جشن کو قومی یکجہتی، اتحاد اور یگانگت کے فروغ کا یادگار موقع بنایا جائے گا۔
تقریبات میں ملک بھر کی تمام ثقافتوں اور وفاق پاکستان کے تمام رنگوں کو شامل کیا جائے گا۔ جشن آزادی کی تقریبات کے مقابلوں میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
جشن آزادی کے موقع پر ملی نغموں کے مقابلے اور اس میں حصہ لینے والوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملی نغمے کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے 30 جون کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
 یکم سے 9 جولائی تک مقابلوں میں شریک ہونے والوں کو شارٹ لسٹ کر کے اسلام آباد بلایا جائے گا، مقابلہ جیتنے والے امیدوار کا ملی نغمہ 11 سے 14 اگست 2022 تک قومی نشریاتی رابطے پر نشر کیا جائے گا۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ دنیا بھر میں تمام پاکستانی سفارت خانوں میں بھی 75 ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

شیئر: