جعلی آئی پی ایل: انڈیا میں لُوٹنے والا گروہ گرفتار
منگل 12 جولائی 2022 9:25
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اصلی آئی پی ایل ٹورنامنٹ مئی کے ماہ میں ختم پوچکا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں پولیس نے جعلی ’انڈین پریمیئر لیگ‘ (آئی پی ایل) کروا کر روسی سٹے بازوں کو لوٹنے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس کے چھاپوں کے وقت انڈیا کی ریاست گجرات میں جاری جعلی آئی پی ایل کواٹر فائنل کے مرحلے میں داخل ہوچکا تھا۔
پولیس کے مطابق ہر سال ہونے والا آئی پی ایل مئی میں ختم ہوچکا تھا لیکن گرفتار کیے گئے ملزمان بغیر کسی رکاوٹ کے ایک جعلی آئی پی ایل منعقد کروانے میں کامیاب رہے اور اس مقصد کے لیے انہوں نے گجرات میں ایک فارم بھی کرائے پر لیا ہوا تھا۔
انسپیکٹر بھاویش راتھوڑ نے رپورٹرز کو بتایا کہ نوسربازوں کے گروہ نے اس فارم کو گراؤنڈ کی شکل دی اور اسے حقیقی دکھانے کے لیے کرکٹ پچ بھی بنائی اور لائٹوں کا انتظام بھی کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے علاوہ ملزمان نے گراؤنڈ میں کیمرے نصب کیے اور کمپیوٹر گرافکس کی مدد سے سکور بورڈ بھی بنایا تاکہ میچوں کی لائیو سٹریمنگ کی جا سکے۔‘
گروہ کی جانب سے ’روس میں موجود ماسٹر مائنڈ‘ کی ہدایات پر کھلاڑیوں کا کردار ادا کرنے کے لیے مزدورں اور بے روزگار لوگوں کی خدمات حاصل کی جنہیں ایک میچ کے 400 روپے دیے جاتے تھے۔
پولیس کے مطابق جعلی آئی پی ایل کو حقیقی دکھانے کے لیے میچوں کے دوران کھلاڑی مخلتلف ٹیموں بشمول چنئی سپر کنگز، ممبئی انڈینز اور گجرات ٹائٹنز کی جرسیاں پہنتے تھے۔ یہ جعلی میچز ’آئی پی ایل‘ نامی یوٹیوب چینل پر نشر کیے جا رہے تھے۔
گروہ نے روسی سٹے بازوں کو دھوکہ دینے کے لیے ’ٹیلی گرام‘ پر ایک چینل بھی بنایا تھا تاکہ انہیں پیسے لگانے کا موقع دیا جا سکے۔
پولیس افسر بھاویش راٹھور نے صحافیوں کو مزید بتایا کہ ’ہم نے جب ملنے والی معلومات پر کارروائی کی تو اس وقت کواٹر فائنل میچ کھیلا جا رہا تھا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان روسی سٹے بازوں سے جوئے کی رقم کی مد میں تین لاکھ روپے کی پہلی قسط بھی موصول کر چکے تھے۔