جدہ میں 306 ذبیحے ضبط، 173 غیرقانونی مذبح خانے سیل
جدہ میں 306 ذبیحے ضبط، 173 غیرقانونی مذبح خانے سیل
جمعرات 14 جولائی 2022 19:09
شہر کے مختلف علاقوں میں داخلے کے وقت چیک پوائنٹس ہیں۔ (فوٹو سبق)
جدہ بلدیہ نے عید الاضحی کے بعد تفتیشی عمل تیز کرتے ہوئے روڈ سیکیورٹی کے تعاون سے مشاعر مقدسہ سے لائے جانے والے 306 غیر معیاری ذبیحے ضبط کرلیے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ شہر میں قائم مختلف مذبح خانوں کا دورہ کیا گیا ان میں سے 173 کو سیل کردیا گیا۔ جو یا تو بغیر لائسنس کے کام کررہے تھے یا ان کے لائسنس ختم ہوچکے تھے اور ان کی تجدید نہیں کرائی گئی تھی۔
دوسری جانب وزارت بلدیات و دیہی امور نے شہر میں قائم مختلف کیٹرنگزکے دورے کیے اور وہاں تیار کی جانے والی اشیا اور مذبوحہ جانوروں اور دیگر اشیا کے معائنے کیے گئے جبکہ ان کیٹرنگز میں صفائی کا بھی خیال نہیں رکھا جارہا تھا۔ اس کے علاوہ دیگر خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں جس کے بعد کئی کیٹرنگز پر جرمانے کیے گئے اور کئی کو بند کرکے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
دریں اثنا بلدیہ جدہ نے مکہ جدہ آنے والی شاہراہ پر چیکنگ کرکے مشاعر مقدسہ سے لائے جانے والے مذبوحہ جانور پکڑے ہیں۔ پکڑے جانے والے جانور قربانی کے تھے اور ان جانوروں کا گوشت اب انسانی استعمال کے قابل نہیں رہا تھا۔ بلدیہ نے انہیں اپنے قبضے میں کرکے تلف کرانے کی کارروائی انجام دی۔
دوسری جانب جدہ میونسپلٹی نے شہربھر کے تجارتی اداروں اور کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں اور مارکیٹوں کے دورے کرکے حفظان صحت کے ضوابط اور اشیا کے معائنے بھی کیے۔ اس موقع پر فیلڈ ٹیموں نے کئی علاقوں میں چھاپہ مہم کے تحت یہ کارروائی انجام دی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں