Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ سے قربانی کا گوشت لانے والوں کے خلاف کارروائی

اس سال چیکنگ کے لیے مکہ جدہ شاہراہ پر چار چیک پوائنٹ بنائے گئے (فوٹو، اخبار 24 )
 سعودی عرب میں بلدیہ کے اہلکاروں نے مشاعر مقدسہ سے لائے جانے والے 49 ذبیحہ ضبط کر کے انہیں تلف کر دیا۔ ہے۔ قربانی کا گوشت انتہائی غیر مناسب انداز میں مکہ سے جدہ لایا جارہا تھا۔
یاد رہے  کہ ہر برس عید الاضحیٰ کے موقع پر مکہ مکرمہ اور جدہ کے راستے پر بلدیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے تفتیشی چوکیاں قائم کی جاتی ہیں تاکہ ان مشاعر مقدسہ سے گوشت لانے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
اس حوالے سے اس سال بھی متعلقہ اداروں کی جانب سے چوکیاں قائم کی گئیں جبکہ بعض لوگوں کا خیال تھا کہ اس سال چوکیاں نہیں ہوں گی اور وہ آسانی سے گوشت لاسکیں گے۔

 مکہ کے مذبح سے گوشت لا کردیگر شہروں میں فروخت کیاجاتاہے(فوٹو،سوشل میڈیا)

ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق ریجنل بلدیہ کے سیکریٹری انجینئر محمد الزھرانی نے بتایاکہ گزشتہ 2 دنوں میں مکہ مکرمہ، جدہ شاہراہ پر موجود خصوصی چیک پوسٹوں پر متعین اہلکاروں نے 13 گاڑیوں کی تلاشی لی جن میں قربانی کا گوشت جدہ لایا جا رہا تھا۔
قربانی کا گوشت انتہائی غیر معیاری طریقے سے لایا جارہا تھا جس کی وجہ سے وہ خراب ہو گیا اور انسانی استعمال کے قابل نہیں تھا جس پر تمام گوشت جو کہ 49 جانوروں کا تھا تلف کر دیا گیا۔
واضح رہے جدہ، مکہ شاہراہ پر بلدیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے اس سال بھی چار خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی ہیں تاکہ اس امر کویقینی بنایا جاسکے کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے مذبح  سے گوشت لانے کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر متعدد افراد مشاعر مقدسہ اور مکہ مکرمہ کے مذبح  میں قربانی کے جانور ارزاں داموں میں خرید کر انہیں جدہ اور دیگر شہروں میں قائم ہوٹلوں اور دکانوں میں فروخت کرتے ہیں۔ یہ لوگ گوشت گاڑیوں میں چھپا کرلاتے ہیں جن میں کسی قسم کی حفاظتی اقدامات نہیں ہوتے جبکہ گرم موسم کی وجہ سے گوشت گاڑی کی ڈگی میں رکھا ہوتا ہے جو خراب ہو جاتا ہے۔

شیئر: