Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جن کا ضمیر زندہ ہے وہ پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دیں گے: رانا ثنااللہ

وزیر داخلہ نے کہا کہ ’سب سے بڑا ہارس ٹریڈر عمران خان دوسروں پر الزام لگا رہا ہے‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ ’پی ٹی آئی میں جن کا ضمیر زندہ ہے وہ پرویز الٰہی کو ووٹ نہیں دیں گے۔‘
جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں رانا ثنا اللہ نے وزیراعلٰی پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے بات کرتے کہا کہ ’پرویز الٰہی نہ وزیراعلٰی منتخب ہونے کا حق رکھتے ہیں نہ انہیں منتخب ہونا چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پرویز الٰہی کہتے ہیں کہ دو سیکنڈ میں اسمبلی توڑ دوں گا، سوچوں گا بھی نہیں۔ پنجاب اسمبلی کے ممبران کی یہ اوقات ہے۔‘
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے بتایا کہ ’ہم سیاسی طور پر رابطے کر رہے ہیں سب کر رہے ہیں۔ ہم کل اپنے سیاسی آپشنز کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لائیں گے۔‘
انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’انوکھا لاڈلہ نہ جیت کر خوش ہے نہ ہار کر خوش ہے۔ اسے دھمکیاں دینے اور الزام لگانے کے علاوہ کوئی کام نہیں۔‘
رانا ثنااللہ کے بقول ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے کردار کو سراہا گیا۔ ’عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اخلاقیات سے گری ہوئی باتیں کیں۔ پوری قوم اور سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن سے مطمئن ہیں۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ 2018 میں جس کا جہاز چلا تھا وہ مانتے ہیں کہ جہاز بھی چلا اور مال بھی۔ ’آزاد کشمیر الیکشن میں آپ کے پیسے پکڑے گئے تھے۔ سب سے بڑا ہارس ٹریڈر عمران خان دوسروں پر الزام لگا رہا ہے۔ خرید و فروخت کا عمل ن لیگ نے نہ پہلے کبھی کیا نہ اب کرے گی۔‘
انہوں نے ملکی معیشت کے حوالے سے بتایا کہ ’ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا ہے۔‘
وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ ’وفاقی کابینہ نے آفتاب سلطان کو نیا چیئرمین نیب لگانے کی منظوری دی ہے۔ آفتاب سلطان کا نام ہر حوالے سے معتبر ہے۔‘
 

شیئر: