Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھُٹنے کی انجری، شاہین آفریدی دوسرے ٹیسٹ سے باہر

شاہین آفریدی پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف میچ کے چوتھے روززخمی ہوگئے تھے (فوٹو:کرک انفو)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
جمعرات کے روز کرکٹ سے متعلقہ خبروں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اتوار سے گال میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ سے گھٹنے کی انجری کے باعث باہر ہوگئے ہیں۔
شاہین آفریدی پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف میچ کے چوتھے روز ڈائیو لگاتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد ان کا ایم آر آئی ٹیسٹ کیا گیا تھا۔
شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں 14.1 اوررز میں چار وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ دوسری اننگز میں انھوں نے صرف سات اوورز کروائے تھے جس میں وہ کسی کھلاڑی کو آؤٹ نہیں کرسکے۔
سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حارث رؤف یا فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سری لنکن سپنر مہیش تھکشانا بھی انجری کا شکار ہوکر دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
ان کی جگہ لکشیتھا مانا سنگھے کو کھلایا جائے گا جبکہ اوپننگ بیٹر پاتھم نشانکا بھی کورونا وائرس سے ٹھیک ہوکر سکواڈ میں واپس آگئے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی کے انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
عالم سٹرائیکس کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’یہ بالکل ٹھیک ہے، آگے آنے والے سیزن کے لیے یہ مکمل فٹ چاہییں۔‘
خان بابر نامی صارف لکھتے ہیں کہ ’انجریز کھیل کا حصہ ہے، لیکن یہ پی سی بی کی غلطی ہے، وہ اسے ہر میچ میں مشین کی طرح استعمال کر رہے ہیں۔‘

 ایک صارف طارق اکبر نے لکھا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے یہ بری خبر ہے، یہ ابھی دنیا کے بہترین بولرز میں سے ایک ہیں۔‘

بہرام قاضی نامی صارف نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے کہ شاہین باہر بیٹھ رہے ہیں، ُبری انجری پر خطرہ مول لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، اسے نیدرلینڈز کے دورے کے لیے بھی آرام دینے کی ضرورت ہے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
سریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ اتوار کے روز سے گال میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: