Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زرداری، شجاعت ملاقات کی تصویر وائرل: ’مجھے بھی یہ کرسیاں چاہییں‘

آج پنجاب اسمبلی میں وزیراعلٰی کے انتخاب کے لیے پولنگ ہو گی (فوٹو: پنجاب اسمبلی)
پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے ہونے والی جوڑ توڑ میں سینیئر سیاست دان آصف زرداری اور چوہدری شجاعت کی لمبی لمبی ملاقاتیں جہاں سیاسی لحاظ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں وہیں دونوں کا آرام دہ مساج چیئر جیسی کرسیوں کا انتخاب بھی سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
پنجاب کی وزارت اعلٰی کے لیے چوہدری شجاعت کے کزن پرویز الٰہی اور آصف زرداری کے حمایت یافتہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے اور آج شام کو پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ کے ذریعے فاتح کا فیصلہ ہونا ہے۔
بدھ کو آصف زرداری دو دن میں دوسری بار چوہدری شجاعت سے ملنے لاہور میں ان کے گھر گئے اور پھر وہاں سے گھنٹوں تک اٹھنے کا نام نہیں لیا۔
دونوں کے درمیان کیا بات چیت ہوئی اس بارے میں تو قیاس آرائیاں جاری ہیں مگر ٹوئٹر پر دونوں کی تصویر وائرل ہو گئی جس میں دونوں کو بڑی بڑی آرام دہ کرسیوں پر نیم دراز ہو کر محو گفتگو دیکھا جا سکتا ہے۔
تصویر سامنے آنے پر اس پر طرح طرح کے تبصرے شروع ہو گئے۔ کسی نے دونوں کی پرسکون بدن بولی پر رائے زنی کی تو کسی نے راز و نیاز کے حوالے سے اندازے لگائے۔
تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف شہباز بدر نے لکھا کہ ’آصف زرداری پانچ گھنٹوں سے چوہدری شجاعت کے گھر موجود ہیں۔ یہ دونوں اتنے بھی صحت مند نہیں ہیں کہ پانچ گھنٹے بات چیت کرسکیں، لگتا ہے باتیں کرتے کرتے دونوں سو گئے ہوں گے۔‘
اسی طرح ایک اور صارف مہوش حسین نے لکھا ’دیکھ شجاعت یار مان جا۔تمہیں ایک درجن کیلے مفت میں ملیں گے۔‘
سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی نے کچھ یوں تبصرہ کیا۔ ’اس تصویر میں آصف زرداری کہہ رہے ہیں کہ میرا کمال دیکھو نواز شریف کی پارٹی جیب میں ڈال کے لایا ہوں اور چوہدری شجاعت کہہ رہے ہیں کہ ہمارا کمال دیکھو عمران خان کی پارٹی وزارت عظمٰی نامی دلہن خود ڈولی میں بٹھا کر ہمارے گھر پہنچ گئی ہے۔‘
صحافی مہرین زہرہ ملک نے تصویر پر تبصرہ کرتے خواہش کا اظہار کر ڈالا ’مجھے بھی یہ کرسیاں چاہییں۔‘
راجہ عاصم نے لکھا کہ ’آصف زرداری مسلم لیگ (ن) کی لڑائی لڑنے چوہدری شجاعت حسین کے گھر مسلسل آٹھ نو گھنٹے رہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی دستیاب قیادت ہاتھ پر ہاتھ دھرے گھروں میں بیٹھی رہی۔کم سےکم کوشش تو کرو وزیر اعلٰی مسلم لیگ (ن) کا ہے نہ کہ پی پی پی کا مگر (ن) کی طرف سے کوئی کوشش نظر نہیں آتی۔‘
صارف ثنا صائم نے لکھا ’آصف زداری پچھلے پانچ گھنٹوں سے چوہدری شجاعت کے گھر میں موجود ہیں۔کیا حالت کردی ہے خان نے ان کی، اور ابھی کہتے ہیں خان کو سیاست نہیں آتی۔‘
صارف حاجی گل محمد نے لکھا کہ ’ان کا خیال ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب تک زرداری صاحب چوہدری شجاعت صاحب کے مہمان ہی بن جائیں، چائے پیئیں، گھٹنے چھوئیں۔ کھانا کھائیں گھٹنے چھوئیں، ناشتہ کریں اور گھٹنے چھوئیں۔‘
ایک اور صارف نوید چوہان نے لکھا ’شاباش آصف علی زرداری شاباش۔ تھکاوٹ کے باوجود آپ ملک و قوم کے لیے چوہدری شجاعت کے ہمراہ جاگ رہے ہیں- شکریہ، ایک زرداری سب سے یاری۔‘
خیال رہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب کا فیصلہ آج جمعے کو پنجاب اسمبلی کے ارکان اپنے ووٹ کے ذریعے کریں گے۔

شیئر: