’ہمارے ارکان کو خریدا گیا تو پھر کل کسی اور قسم کا احتجاج ہوگا‘
جمعرات 21 جولائی 2022 19:57
سابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر نگرانی عام انتخابات لڑنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سکندر سلطان راجا کے ہوتے ہوئے شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے۔‘
جمعرات کو عوام سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ’پنجاب کے ضمنی الیکشن صرف ان 12 پارٹیوں کے خلاف نہیں بلکہ انتظامیہ، سرکاری مشینری اور الیکشن کمیشن کے خلاف لڑے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے سکندر سلطان جیسا بددیانت چیف الیکشن کمشنر نہیں دیکھا۔ ہمیں الیکشن میں ہرانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’ہم پہلے سینیٹ الیکشن میں خریدو فروخت پر الیکشن کمیشن میں گئے، سپریم کورٹ میں بھی گئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ڈسکہ میں پورا الیکشن ہی دوبارہ کرا دیا۔‘
سابق وزیراعظم کے بقول ’الیکشن میں ہر طرح کی دھاندلی کی گئی، لوگوں کو ڈرایا دھمکایا گیا، سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیا لیکن اس کے باوجود جس تعداد میں قوم نکلی اور اس الیکشن میں ووٹ ڈالا میں سلام پیش کرتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جن کے پاس پاور تھی انہوں نے شریف خاندان اور زرداری کو بچایا،ان لوگوں کو بچایا گیا جن پر اربوں کے کیسز تھے۔ یہ جماعتیں سمجھتی تھیں کہ جو پیسہ چلائے گا کامیاب ہو جائے گا۔ پنجاب کے عوام نے ضمنی انتخابات میں پیسے اور پاور کے تاثر کو ختم کر دیا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’25 مئی کو جو ہمارے ساتھ کیا گیا کبھی نہیں بھولوں گا۔ میں نے نیوٹرلز کو کہا تھا کہ اگر آپ نے سازش کو کامیاب ہونے دیا تو ملکی معیشت کوئی نہیں سنبھال سکے گا۔‘
انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’میں پوری قوم سے کہتا ہوں اگر آپ کا مینڈیٹ چوری ہوا تو خاموش نہیں رہنا۔‘
وزیراعلٰی پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سب کو پتا ہے پی ٹی آئی کا نمبر پورا ہے، وزیراعلٰی پنجاب ہمارا ہو گا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’اگر پیسے دے کر جس طرح کہ ان کا پلان ہے ہمارے ارکان کو خریدا گیا تو پھر کل کسی اور قسم کا احتجاج ہوگا، اور اگر واقعی ووٹ کو عزت دی گئی تو پھر ہم جشن منائیں گے اور اللہ کا شکر ادا کریں گے۔‘