تاریخی اور دیومالائی عمارتیں قدیم انسانی ورثے کے خزانے کا درجہ رکھتی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کا پرفضا علاقہ عسیر اپنے مخصوص مقام اور قدرتی و ثقافتی ماحول کی وجہ سے ممتاز ہے جو اس علاقے کو مملکت کے خوبصورت ترین سیاحتی مقامات میں منفرد بناتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق قریہ رجال المع ،عسیر ریجن کے 'زیورات' میں خوبصورت تاج کی سی حیثیت رکھتا ہے، اس علاقے میں موجود تاریخی اور دیومالائی عمارتیں اسے قدیم انسانی ورثے کے خزانے کا درجہ دیتی ہیں۔
عسیر ریجن کے بلند و بالا اور سرسبز پہاڑوں، میدانوں اور ساحلوں کے دلفریب مناظر کے ساتھ ساتھ تفریحی مقامات پورے خاندان کے ساتھ سیاحت کے لیے بہترین مقامات ہیں۔
رجال المع کے تاریخی قریہ کو یہاں بسنے والےالمطہمی خاندان کے محلات اور حبلہ گاؤں کے ساتھ کیبل کار کے ذریعے قابل رسائی بنا دیا گیا۔
عسیر کے خوبصورت پہاڑوں کے درمیان رجال المع گاؤں سینکڑوں سال گزر جانے کے باوجود آج بھی اپنی شاندار خوبصورتی اور خاص عمارتوں کے سحر کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔
سعودی آثار قدیمہ کے سب سے نمایاں مقامات میں خاص علاقہ یہاں موجود مخصوص قسم کے پتھر کے محلات ہیں جو انتہائی فنکارانہ انداز اور خوبصورتی سے تعمیر کیے گئے ہیں، یہ محلات یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں رجسٹریشن کے لیے نامزد کیے گئے ہیں۔
قریہ رجال المع میں موجود تاریخی محفوظ یادگاروں میں شمسان نامی قلعہ اور الابو فراج پیلس گاؤں کے بہت سے قابل ذکر محلات میں سے ہیں۔ یہاں محفوظ محلات کو ثقافتی ورثے کا درجہ دے کر میوزیم میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی واس نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ علاقے میں سیاحوں کے لیے السعدہ سے رجال المع تک کا راستہ کیبل کار کے ذریعے جوڑا گیا ہے جو یہاں کے انتہائی حسین نظاروں کی دعوت دیتا ہے۔
علاوہ ازیں علاقے کا وزٹ کرنے والے ٹورسٹ بس کے ذریعے قریع کے نواح میں مختلف علاقوں اور عسیر کی سرسبز وادیاں دیکھ سکتے ہیں، یہاں کے ریسٹورنٹس میں مختلف ثقافتوں اور ذائقوں کے عمدہ کھانے بھی دستیاب ہیں۔