Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 غلاف کعبہ کی تیاری پر 2 کروڑ 50 لاکھ ریال لاگت آئی

خالص چاندی اورسونے کے تاروں سے غلاف پرکشیدہ کاری کی جاتی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
غلاف کعبہ تیار کرنے والی فیکٹری کے انڈرسیکرٹری عبدالحمید المالکی کا کہنا ہے کہ نئے غلاف کعبہ کی تیاری پرتقریبا 2 کروڑ 50 لاکھ ریال لاگت آئی ہے جبکہ پرانا غلاف فیکٹری کے مخصوص گودام میں پہنچا دیا گیاہے۔
عاجل نیوز کے مطابق سیکرٹری عبدالحمید المالکی نے سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ غلاف کعبہ کی تیاری میں دنیا کا بہترین ریشم استعمال کیاجاتا ہے جو اٹلی اور جرمنی سے درآمد کیا گیا۔
کسوہ کعبہ پرکشیدہ کاری کےلیے خالص چاندی  اورسونے کے تار استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ سونے کا پانی چڑھے ہوئے چاندی کے تار بھی استعمال ہوتے ہیں۔ یہ مخصوص تار بھی جرمنی سے درآمد کیے جاتے ہیں۔
المالکی نے مزید بتایا کہ کسوہ کعبہ کی تیاری میں استعمال ہونے والی مختلف اشیا کا مجموعی وزن 1200 کلوگرام ہے ۔ ان اشیا کو خاص طورپرغلاف کعبہ کے لیے تیارکرایا جاتا ہے۔
پرانے غلاف کعبہ کے حوالے سے المالکی کا کہنا تھا کہ کعبہ شریف سے اتارے جانے والا غلاف اسی طرح طے کرکے فیکٹری کے گودام میں پہنچا دیا جاتا ہے جس کا اندراج رجسٹرمیں کیا جاتاہے۔
واضح رہے امسال کعبہ شریف کے غلاف کی تبدیلی کا عمل یکم محرم کو کیا گیا۔ اس حوالے سے دنیا بھر میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کے مراحل کو براہ راست نشر کیاگیا ۔
 
 

شیئر: