کامن ویلتھ گیمز: انڈیا نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی
کامن ویلتھ گیمز: انڈیا نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی
اتوار 31 جولائی 2022 14:28
رواں برس خواتین کے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور انڈیا کی کھلاڑیوں کے درمیان خوب دوستی اور پیار دیکھنے میں آیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انڈیا کی خواتین ٹیموں کے درمیان کامن ویلتھ گمیز کے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو برمنگھم میں ہونے والے اس میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 18 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر صرف 99 رنز بنائے جس کے جواب میں انڈیا نے سمتری مندھانا کی لاجواب اننگز کی بدولت ہدف 12ویں اوور میں مکمل کر لیا۔
انڈیا کی جانب سے سمتری مندھانا 63 سکور بنا کر نمایاں رہیں جبکہ پاکستانی بولرز طوبیٰ حسن اور عمائمہ سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستانی اننگز میں اوپنر منیبہ علی 32 جبکہ عالیہ ریاض 18 رنز بنا کر نمایاں رہی تھیں جبکہ اننگز کی خاص بات تین پاکستانی پلئیرز کا رن آوٹ ہونا تھا۔
انڈیا کی جانب سے سنیہہ رانا اور رادھا یادو نے 2،2 جبکہ رینوکا سنگھ، میگھنا سنگھ اور شیفالی ورما نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان کامن ویلتھ گیمز کا یہ میچ بارش کے باعث 18 اوررز تک محدود کردیا گیا تھا۔
اس سے قبل کامن ویلتھ گیمز کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان ٹیم بارباڈوس کی ٹیم سے ہار گئی جبکہ آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دی تھی۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ میچ ہمیشہ سے ہی جنگ کی مانند رہا ہے لیکن خواتین ٹیم کے ساتھ یہ معاملہ نہیں ہے۔
رواں برس خواتین کے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور انڈیا کی کھلاڑیوں کے درمیان خوب دوستی اور پیار دیکھنے میں آیا تھا جب پاکستانی کپتان بسمہ معروف کی بیٹی فاطمہ کے ساتھ انڈین کرکٹرز نے خوب لاڈ اور پیار کیا تھا۔
خیال رہے برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں خواتین کے کرکٹ مقابلے بھی شامل کیے گئے ہیں جس کے بعد کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان، انڈیا، آسٹریلیا، بارباڈوس، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی خواتین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔