پاکستان سمیت آٹھ ممالک کی خواتین کرکٹ ٹیمیں کامن ویلتھ گیمز کا حصہ
منگل 1 فروری 2022 12:08
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پہلا میچ 29 جولائی کو انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم سمیت آٹھ ٹیمیں برمنگھم کامن ویلتھ گیمز 2022 میں حصہ لیں گی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کو ایک بیان میں کہنا تھا کہ سری لنکا کی گذشتہ ہفتے کوالالمپور میں آئی سی سی کامن ویلتھ کوالیفائرز میں جیت کے بعد برمنگھم گیمز کے لیے آٹھ ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔
پاکستان کی خواتین ٹیم کے علاوہ برمنگھم کامن ویلتھ گیمز 2022 میں سری لنکا، آسٹریلیا، بارباڈوس، انگلینڈ، انڈیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔
کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پہلا میچ آسٹریلیا اور انڈیا کی ٹیموں کے درمیان 29 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، انڈیا، آسٹریلیا اور بارباڈوس شامل ہیں۔ جبکہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیموں کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔
اس سے قبل پہلی بار کرکٹ کو کوالالمپور میں 1998 میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں شامل کیا گیا تھا اور فائنل میں شان پولک کی قیادت میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو ہرا کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔