Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کے خلاف سات ٹی20 میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے

انگلینڈ کرکٹ ٹیم 17 سالوں بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم رواں سال ستمبر میں پاکستان کے خلاف سات ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنے پاکستان آرہی ہے۔
منگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بیان میں کہا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم 20 ستمبر سے 2 اکتوبر تک پاکستان کے دو شہروں میں سات ٹی 20 میچز کھیلے گی۔
پی سی بی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سیریز کے ابتدائی چار میچز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو کھیلے جائیں گے اور باقی تین میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
ٹی 20 سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز دسمبر میں شروع ہوگی۔ تاہم پی سی بی کی جانب سے ٹیسٹ سیریز کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ذاکر خان کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ریکی ٹیم کے مطمئن ہونے کے بعد دورے کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17 سال کے بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔
اس سیریز کے حوالے سے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی روب کی کا کہنا ہے کہ وہ ٹی 20 سیریز اور پھر سال کے آخر میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے انتظامات کے حوالے سے پی سی بی، برطانوی ہائی کمیشن اور دیگر حکام سے رابطے میں ہیں۔
واضح رہے پچھلے سال ستمبر میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی تحفظات کے پیش نظر اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا۔

شیئر: