Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی طرز کی کرکٹ، دی ہنڈرڈ کے دوسرے سیزن کا آغاز بدھ سے

دی ہنڈرڈ کے دوسرے سیزن میں سدرن بریو اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی (فائل فوٹو: دی ہنڈرڈ انسٹاگرام)
انگلینڈ کی نئے طرز کی کرکٹ لیگ ’دی ہنڈرڈ‘ کے دوسرے سیزن کا آغاز بدھ سے ہونے جا رہا ہے۔
دی ہنڈرڈ نئی طرز کی کرکٹ ہے جس میں 100 گیندوں کی ایک اننگ ہوتی ہے اور روایتی کرکٹ سے ہٹ کر اس کے کچھ الگ قواعد و ضوابط ہیں۔
سنہ 2021 میں دی ہنڈرڈ کے پہلے کامیاب سیزن کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے بعد اب دوسرا سیزن شروع ہونے والا ہے۔
دی ہنڈرڈ کا آغاز انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے کیا جس میں انگلینڈ کے شہروں کے ناموں سے ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔
دی ہنڈرڈ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جن کے نام برمنگھم فینکس، لندن سپرٹ، مانچسٹر اوریجنلز، نادرن سپرچارجرز، اوول انونسیبلز، سدرن بریو، ٹرینٹ راکٹس اور ویلش فائر ہیں۔
کرکٹ لیگ کا یہ سیزن انگلینڈ کے آٹھ سٹیڈیمز میں کھیلا جائے گا۔
دی ہینڈرڈ کی ویب سائٹ کے مطابق پہلے چار میچز کے تقریباً تمام ٹکٹ بِک چکے ہیں۔
دی ہنڈرڈ لیگ میں معین علی، عمران طاہر، میتھیو ویڈ، گلین میکسویل، کیرون پولارڈ، اوین مورگن، وننیدو ہاسارنگا، جوز بٹلر، آندرے رسل سمیت کئی بڑے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
دی ہنڈرڈ کے قواعد و ضوابط کیا ہیں؟
اس کرکٹ لیگ کی ایک اننگز میں 100 گیندیں کھیلی جائیں گی، جو ٹیم زیادہ سکور کرے گی وہ جیت جائے گی۔
ہر 10 گیندوں کے بعد بولر کی سمت (یعنی اینڈ) کو تبدیل کیا جائے گا۔

دی ہنڈرڈ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور یہ سیزن انگلینڈ کے 8 سٹیڈیمز میں کھیلا جائے گا (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)

بولر لگاتار 5 یا 10 گیندیں پھینک سکتا ہے جس کا فیصلہ کپتان نے کرنا ہوگا۔
ایک بولر زیادہ سے زیادہ 20 گیندیں پھینک سکتا ہے۔
ہر بولنگ سائیڈ کو حکمت عملی بنانے کے لیے دو منٹ کا ٹائم دیا جائے گا جس کے دوران کوچ بھی سٹیڈیم کے اندر آکر ٹیم کو مشورہ دے سکتا ہے۔
ہر ٹیم کو 25 گیندوں کا پاور پلے دیا جائے گا جس کے دوران 30 گز کے دائرے کے باہر زیادہ سے زیادہ 2 فیلڈر رکھنے کی اجازت ہوگی۔
دی ہنڈرڈ کا پورا میچ اڑھائی گھنٹے کے دورانیے پر مشتمل ہوگا۔
خیال رہے کہ دی ہنڈرڈ کے دوسرے سیزن میں سدرن بریو اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

شیئر: