ایشیا کپ: روایتی حریفوں پاکستان اور انڈیا کا مقابلہ 28 اگست کو ہوگا
ایشیا کپ: روایتی حریفوں پاکستان اور انڈیا کا مقابلہ 28 اگست کو ہوگا
منگل 2 اگست 2022 15:27
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان اور انڈیا سپر فور مرحلے تک رسائی کی صورت میں 4 ستمبر کو ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایشیئن کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ سری لنکا کی میزبانی میں امارات کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں روایتی حریف پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں 28 اگست کو آمنے سامنے ہوں گی۔
ایشیا کپ ٹی20 ٹورنامنٹ میں پاکستان، انڈیا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کرچکی ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات، کویت، ہانگ کانگ اور سنگاپور کی ٹیمیں 20 اگست سے کوالیفائنگ روڈ کھیلیں گی جس میں سے ایک ٹیم پاکستان اور انڈیا کے ساتھ گروپ اے میں شامل ہوگی۔ گروپ بی میں سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں سپر فور مرحلے تک رسائی کی صورت میں 4 ستمبر کو ایک بار پھر دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دونوں روایتی حریفوں کے ایشیا کپ کے فائنل میں بھی مقابلے کے امکانات ہیں۔
ایشیا کپ ٹی20 کا آغاز 27 اگست کو دبئی میں میزبان سری لنکا اور افغانستان کے درمیان میچ سے ہوگا۔ 28 اگست کو دبئی میں ہی پاکستان اور انڈیا کی کرکٹ ٹیمیں زور آزمائی کریں گے۔
30 اگست کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان شارجہ میں میچ کھیلا جائے گا جبکہ 31 اگست کو انڈیا اور کوالیفائنگ راؤنڈ سے مین راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم کے درمیان میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔
یکم ستمبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں دبئی میں مدمقابل ہوں گی جبکہ پاکستان اپنا دوسرا میچ دو ستمبر کو شارجہ کے میدان میں کوالیفائنگ راؤنڈ میں کامیاب ہونے والی ٹیم کے ساتھ کھیلے گا۔
دونوں گروپس میں سے ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ 3 ستمبر سے 9 ستمبر تک ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے مقابلے ہوں گے۔
سپر فور مرحلے کے 5 میچز دبئی جبکہ ایک میچ شارجہ میں شیڈول کیا گیا ہے۔ ایشیا کپ کا فائنل دبئی میں کھیلا جائے گا۔
تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوں گے۔ ایونٹ کا فائنل 11 ستمبر کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ میں انڈیا سب سے زیاد مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔ انڈیا 7، سری لنکا 5 جبکہ پاکستان 2 مرتبہ ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔