چٹانوں کو تراش کر بنائے گئے سٹیڈیم میں فٹبال مقابلے بحال
چٹانوں کو تراش کر بنائے گئے سٹیڈیم میں فٹبال مقابلے بحال
جمعرات 4 اگست 2022 5:20
سٹیڈیم کی تعمیر پر 20 لاکھ ریال لاگت آئی ہے (فوٹو: العربیہ نیٹ)
جازان ریجن کے رجال الحشر پہاڑوں کی چٹانوں کو تراش کر بنائے گئے سٹیڈیم میں فٹ بال مقابلے بحال کردیے گئے ہیں۔ دو سال سے جازان ریجن کی بنی مالک کمشنری کا تاریخی سٹیڈیم کورونا وائرس کے باعث بند تھا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق رجال الحشر میں چٹانوں کو تراش کر بنایا گیا سٹیڈیم سپورٹس کی دنیا کا شاہکار ہے اور دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا منفرد سٹیڈیم ہے۔
یہاں شائقین کے لیے نشستیں پتھروں کو تراش کر تیار کی گئی ہیں۔ ایشین آرگنائزیشن نے اسے براعظم میں 2019 کا خوبصورت ترین سٹیڈیم قرار دیا تھا۔
سٹیڈیم کے مالک محمد حربان الحریصی نے بتایا کہ رجال الحشر کے فرزندوں نے یہ سٹیڈیم تیار کرکے سپورٹس کی دنیا کو ایک شاہکار دیا ہے۔ انہوں نے کھدائی اور چٹانوں کو تراش کر2003 میں سٹیڈیم بنایا ۔ یہ کارنامہ نجی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ سٹیڈیم جازان کے مشرق میں 100 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں تقریباً 15 ہزار شائقین بیک وقت میچ دیکھ سکتے ہیں۔
سٹیڈیم کے مالک کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ سٹیڈیم فٹ بال میچز تک ہی محدود نہیں بلکہ دیگر کھیل بھی یہاں ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں چٹانوں کو تراش کر سٹیڈیم بنانے کا خیال 1997 میں آیا تھا، جس کے بعد ایک پلاٹ خریدا گیا اور پھر 2003 میں وہاں سٹیڈیم پر کام شروع ہوا۔ اس پر مجموعی طور پر 20 لاکھ ریال لاگت آئی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں