Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: رومن تھیٹر جیسا چٹانوں سے تراشا ہوا فٹبال سٹیڈیم

سعودی عرب کے جنوبی صوبے جازان میں فٹبال کا ایسا سٹیڈیم تیار کیا گیا ہے جس کی نظیر دنیا میں کہیں نہیں پائی جاتی۔
یہ سٹیڈیم چٹانیں تراش کر بنایا گیا ہے، جس میں شائقین کی نشستیں رومن تھیٹر سے ملتی جلتی ہیں جو دور سے فصل کی کیاریوں جیسی لگتی ہیں۔
چٹانیں تراش کر بنایا گیا یہ فٹبال اسٹیڈیم ایک سعودی شہری محمد حربان الحریصی کی ذاتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
الحریصی کا خواب تھا کہ وہ اپنے ہم وطن نوجوانوں کو ایسا تحفہ دیں جو منفرد ہو اور جہاں وہ اپنے پسندیدہ کھیل فٹبال کا شوق پورا کر سکیں۔ 20 ہزار سے زیادہ شائقین اس اسٹیڈیم میں فٹبال میچ دیکھ سکتے ہیں۔

صوبہ جازان میں واقع یہ سٹیڈیم چٹانیں تراش کر بنایا گیا ہے۔ فوٹو عجل

الحریصی کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم کی تیاری میں دس برس سے زیادہ کا عرصہ لگا ہے اور اب تک 20 لاکھ ریال خرچ ہو چکے ہیں، لیکن اس کے مکمل ہونے میں ابھی بھی کام باقی ہے۔ الحریصی نے بتایا کہ کھیل کا فرش بننا ابھی باقی ہے اور سٹیڈیم میں روشنی کا کام بھی ابھی نہیں ہوا۔ میڈیا سینٹر، کھلاڑیوں کے ڈریسنگ روم اور مہمان خانہ بھی ابھی بننا ہے۔
مقامی شہری سٹیڈیم پر پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ یہ سچ مچ کھلاڑیوں کے لیے خوبصورت یادگاری تحفہ ہے۔ نوجوانوں کا مطالبہ ہے کہ اسے عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے اور یہاں فٹبال کپ ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے۔
سٹیڈیم صوبہ جازان میں الحشر کوہستانی کے علاقے میں واقع ہے جو سیاحوں کا مرکز رہتا ہے۔ یہاں فلک بوس پہاڑ بادلوں سے سرگوشی کرتے نظر آتے ہیں اور قدرتی مناظر دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔

شیئر: