اُداس چہرے والا خطرناک ’جوکر‘ واپس آ رہا ہے؟
فلم جوکر 2 میں بھی ہواکین فینکس مرکزی کردار ادا کریں گے (سکرین گریب)
ہالی وڈ کی مشہور فلم جوکر کی کامیابی کے بعد وارنر بروز نے جوکر 2 بنانے کا اعلان کردیا ہے۔
جمعرات کے روز فوٹو اور وڈیو شئیرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر فلم جوکر کے سیکوئل جوکر 2 کا اعلان کیا گیا ہے۔
انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق 2019 میں ریلیز ہونے والی مشہور فلم جوکر کا سیکوئل 4 اکتوبر 2024 کو ریلیز کیا جائے گا۔
فلم جوکر 2 میں بھی ہواکین فینکس جوکر کا کردار ادا کریں گے جبکہ ان کے ساتھ معروف سنگر لیڈی گاگا بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
سنہ 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم جوکر کی کہانی ایک آرتھر نامی مسخرے کے گرد گھومتی ہے جو ذہنی دباؤ کا شکار رہتا ہے اور پھر سماج کی رویوں کے باعث جرائم کی دنیا میں قدم رکھ لیتا ہے۔
اس فلم نے باکس آفس پر ارب ڈالر سے زائد کا کاروبار کیا تھا جبکہ اسی فلم میں اداکاری کے باعث ایکٹر ہواکین فینکس کو بہترین اداکار کا آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔
فلم جوکر 2 کے اعلان کے بعد انسٹاگرام پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔
حنیف جوکر 2 کے بارے میں کہتے ہیں کہ بالآخر، ہواکین فینکس کے لیے ایک اور آسکر آرہا ہے۔'
گیبی نے لکھا ہے کہ 'یہ بہت مزاحیہ ہونے والی ہے۔'
کرسڈ سٹین نے مزاحیہ انداز میں کہا ہے کہ 'فینکس اور گاگا دونوں گانا گا رہے ہوں گے اور ساتھ ساتھ بے قصور یتیم خانوں کو تباہ کر رہے ہوں۔'
ٹنالی کورٹیکس لکھتی ہیں کہ 'سینیما کا عروج آنے والا ہے۔'