’پہلے بچے‘ کی موت پر انڈین اداکارہ دیا مرزا کی جذباتی تحریر
بدھ 3 اگست 2022 13:34
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
تانیا کچھ دن پہلے حیدر آباد میں کار حادثے میں ہلاک ہوئی تھیں (فائل فوٹو: انسٹاگرام/دیا مرزا)
انڈین اداکارہ دیا مرزا نے جمعرات کو اپنے ’پہلے بچے‘ کی حادثاتی موت پر ایک جذباتی تحریر لکھی ہے جس میں 25 سالہ تانیا سے ان کی محبت دیکھی جاسکتی ہے۔
بدھ کو دیا مرزا نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’مجھے ممبئی میں اپنے گھر کے صحن میں دیا ماسی کی آوازیں آنا اب بھی یاد ہے جب تانیا آیا کرتی تھی۔‘
تانیا دراصل دیا مرزا کی بھتیجی ہیں جنہیں اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ’پہلا بچہ‘ قرار دیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہر کسی کی طرح جو انہیں جانتا تھا مجھے بھی لگتا ہے کہ میں ان کے غیرمشروط پیار کو مس کروں گی۔‘
’ان کو سننا، رہنمائی کرنا، بگاڑنا اور ڈانٹنا وہ لطف تھا جو تانیا نے مجھے انجوائے کرنے کی اجازت دی۔‘
دیا مرزا نے مزید لکھا کہ ’مجھے پتہ ہے جو بھی اسے جانتا تھا وہ ہمیشہ اسے یاد رکھے گا۔‘
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق تانیا کی موت کچھ دن پہلے حیدرآباد میں ایک کار حادثے میں ہوئی تھی۔ 25 سالہ تانیا انڈین جماعت کانگریس کے لیڈر محمد فیروز خان کی بیٹی تھیں۔