Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شعیب اختر کا آٹھ گھنٹے کا طویل آپریشن، ’دعاؤں کی سخت ضرورت‘

سابق کرکٹر شعیب اختر نے کہا کہ ان کو امید ہے کہ یہ ان کی آخری سرجری ہوگی۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر گُھٹنے کے آپریشن کے لیے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں، جہاں سے انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں سے جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے ہسپتال کے بیڈ سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کے گُٹھنے کا آٹھ گھنٹے کا طویل آپریشن ہو گا جس کے لیے انہیں دعاؤں کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری آخری سرجری ہوگی، اس سے قبل میرے گھٹنے کے پانچ آپریشن ہو چکے ہیں۔
شعیب اختر کے مطابق ’ایک بات کہنا چاہوں گا کہ میں نے پاکستان کے لیے بولر کے طور پر کھیلا، جس پر مجھے فخر ہے لیکن یہ سرجری کروانی پڑے گی اور مجھے مکمل صحت یاب ہونے اور درد ختم ہونے کے  لیے دو سے تین ہفتے درکار ہوں گے۔
 سابق بولر نے اپنے آپریشن کے بارے میں یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا آپریشن کہاں  ہو رہا ہے تاہم مقامی میڈیا کے مطابق شعیب اختر سرجری کے لیے اس وقت آسٹریلیا میں موجود ہیں۔
دوسری جانب ٹوئٹر پر صارفین ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
سماجی کارکن محمد رمضان چھیپا نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’میری دعا ہے کہ شعیب اختر کے گھٹنے کی سرجری کامیاب رہے اور وہ مکمل صحت یاب ہو کر پھر سے بطور کرکٹ مبصر اپنی آرا سے شائقین کو آگاہ کریں۔

 سابق کپتان محمد حفیظ نے ان کے لیے جلد صحت یابی اور صحت مند زندگی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ٹوئٹر صارف رانا کاشف نے ان الفاظ میں اپنے جذبات کا اظہار کیا کہ ’اللّٰہ تعالیٰ آپ کو حفظ و امان میں رکھے اور آپ کو صحت و تندرستی عطا فرمائے۔ آمین۔

شیئر: