واشنگٹن... وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے واشنگٹن میں افغان ہم منصب اقلیل احمد حاکمی سے ملاقات کی ہے ۔اسحاق ڈار نے افغان وزیر خزانہ کو پاکستان کی اقتصادی صورتحال، جی ڈی پی کی شرح نمو میں اضافہ اور پاکستان کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ بہتر مربوط اقتصادی اور تجارتی پالیسیوں سے پاکستان اور افغانستان اقتصادی ترقی کے ثمرات سے استفادے کے قابل ہوسکتے ہیں۔ پاک ،افغان مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس کے جلد انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ افغانستان میں امن اسکے پڑوسی ممالک بالخصوص پاکستان کے امن سے براہ راست منسلک ہے۔ انہوں نے افغان فوجی اڈے پر ادہشت گرد حملہ کی شدید مذمت کی ۔انہوںنے خطے میں قیام امن کیلئے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین مضبوط اقتصادی تعلقات پر امن ہمسائیگی کے مقاصد کے حصول کیلئے ناگزیر ہیں۔