Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان کے سیلاب زدگان کے لیے اماراتی امداد

سیلاب سے زیادہ متاثر ہونے والوں کو پہلے امداد دی جائے گی۔ (فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات پاکستان میں بلوچستان کے سیلاب زدگان کو امدادی سامان فراہم کرے گا۔ اماراتی ہلال احمر کے سربراہ  اور الظفرۃ کے  حکمراں کے نمائندے شیخ حمدان بن زاید آل نہیان نے امداد کی فراہمی کے احکام جاری کردیے۔ 
اماراتی سرکاری خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق اماراتی ہلال احمر نے  امدادی عمل کا پہلا مرحلہ  شروع کردیا۔ ہزاروں خاندانوں کو کھانے پینے اور رہنے سہنے کا سامان فراہم کیا جارہا ہے۔ 
اماراتی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ ابتدا میں زیادہ زور بلوچستان کے سیلاب سے زیادہ متاثرہ مقامات کے باشندوں پر دیا جائے گا۔ خاص طور پر لسبیلہ اور ایسے دیگر مقامات پر زیادہ کام کیا جارہا ہے جہاں کے باشندے سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ 
آئندہ مرحلے میں بلوچستان کے دیگر سیلاب زدہ مقامات کے باشندوں کو امدادی سامان پہنچانے کے لیے سپیشل قافلے بھیجے جائیں گے۔ کوشش ہوگی کہ متاثرین کو رہنے اور کھانے پینے کے لیے درکار تمام ضروری اشیا  بروقت مل جائے۔ 
اماراتی ہلال احمر بچوں، عورتوں، معذوروں، بوڑھوں اور معاشرے کے کمزور طبقوں کی ضروریات پوری کرنے پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: