حجراسود کی صفائی کےلیے جدید طریقے کا انتخاب
جمعرات 11 اگست 2022 19:44
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی ہدایت پر حجر اسود کی صفائی اور اصلاح و تزئین کا کام جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انجام دیا گیا۔ یہ کام معاون سربراہ اعلی ڈاکٹر سعد المحیمید نے اپنی نگرانی میں کرایا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر المحیمید نے بتایا کہ حرمین شریفین انتظامیہ خانہ کعبہ سے متعلق تمام امور اپنی نگرانی میں کراتی ہے۔ تمام اداروں اور فریقوں کے درمیان یکجہتی پیدا کرکے کام نہایت معیاری طریقے سے انجام دیے جاتے ہیں۔
المجیمید نے کہا کہ دراصل خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مسجد الحرام اور مسجد نبوی خصوصا خانہ کعبہ سے گہری عقیدت رکھتے ہیں۔ انہیں اس بات کا احساس ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں خانہ کعبہ کا بڑا رتبہ ہے۔
ڈاکٹر السدیس نے خانہ کعبہ کی خدمت کے حوالے سے درکار جملہ وسائل کی فراہمی پر اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔