روپے کے مقابلے میں ڈالر پھر مہنگا، 214 روپے کی سطح پر
بدھ 17 اگست 2022 12:09
زین علی -اردو نیوز، کراچی
ڈالر ایک روپے مہنگا ہو کر 214 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ فوٹو: روئٹرز
پاکستانی روپے کے مقابلے میں ایک بار پھر ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بدھ کو کاروباری سیشن کے پہلے حصے میں ڈالر ایک روپے مہنگا ہو کر 214 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ڈالر کی قدر میں معمولی اونچ نیچ کا سلسلہ آئندہ کئی روز تک برقرار رہ سکتا ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بہتری رپورٹ کی گئی ہے۔
ڈالر کی قدر میں مسلسل گرواٹ کا سلسلہ آج بدھ کو تھما ہے جبکہ کاروباری سیشن کے پہلے حصے میں ڈالر ایک روپے کے اضافے سے دوبارہ 214 روپے کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ڈالر کی قدر میں کمی کا جو سلسلہ رواں ماہ سے شروع ہوا تھا اس میں آج رکاوٹ نظر آئی ہے۔
معاشی ماہر سمیع اللہ طارق کے مطابق آج کاروبار کے آغاز سے ہی ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
’آئی ایم ایف سے قسط ملنے اور دوست ممالک سے پیسے آنے کی صورت میں روپے کی قدر میں مزید بہتری کے امکانات ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ امپورٹ بل میں کمی کے بعد اگر ایکسپورٹ میں اضافہ ہوتا ہے تو ہی صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔‘
دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروباری اوقات کے پہلے حصے میں 100 انڈیکس 89 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 43 ہزار 525 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔