پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی، ڈالر کی قدر میں 2 روپے کا اضافہ
جمعرات 18 اگست 2022 10:26
زین علی -اردو نیوز، کراچی
ڈالر کی قیمت 216 روپے پر پہنچ گئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک بار اضافہ ہونے لگا ہے۔ گزشتہ روز سے اب تک دوران ٹریڈنگ انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے کا اضافہ ہوگیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو ایک بار پھر ڈالر کی قیمت 216 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی و اضافے کا تعلق طلب و رسد سے نہیں بلکہ مسلسل ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد اب مارکیٹ بہتری کی طرف جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ایک بار پھر انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی رپورٹ کی جا رہی ہے۔ انٹر بینک میں کاروباری اوقات کے پہلے حصے میں ڈالر 216 روپے کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
گزشتہ ماہ 240 روپے کی سطح تک جانے کے بعد ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی تھی تاہم گزشتہ روز سے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔
معاشی ماہرین بھی ڈالر کی قدر میں کمی و اضافے کے معاملے پر ملے جلے خیالات رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے سے جلد ہی قسط کی رقم ملنے اور دوست ممالک کے تعاون سے بھی مالیاتی معاملات میں بہتری کی توقع ہے تاہم ایسی صورت حال میں ڈالر کی قیمت میں زیادہ اضافے کی امید نہیں۔ البتہ اگر آئی ایم ایف کی قسط مقررہ وقت پر نہیں ملتی تو صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ جمعرات کو پہلے سیشن میں اب تک پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 45 پوائنٹس کی کمی رپورٹ کی جا چکی ہے۔
اس وقت مارکیٹ 43 ہزار 631 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔