مہنگائی کے باعث دبئی کی کڑک چائے کی قیمت بھی متاثر
مہنگائی کے باعث دبئی کی کڑک چائے کی قیمت بھی متاثر
جمعرات 25 اگست 2022 21:02
ایک درہم کے اس مشروب کو اب ڈیڑھ درہم تک بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ فوٹو اے پی
دبئی میں کڑک چائے بنانے والا مصطفیٰ معین کاؤنٹر کے پیچھے کھڑا بہت سے چہرے دیکھتا ہے جو تھکاوٹ، بھوک اور تناؤ سے دوچار ہوتے ہیں اور لمحہ بھر کے لیے ایک کپ کڑک چائے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اے پی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ وہ عام مزدور ہیں جو کام کے دوران کچھ دیر سستانے کے لیے راستے میں رک جاتے ہیں یا وہ ٹیکسی ڈرائیور جو لمبی شفٹوں میں گاڑی چلاتے ہیں۔
دودھ، چائے کی پتی اور ڈسپوزایبل کپ ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے۔ فوٹو اے پی
مصطفیٰ معین کے ہاتھ کی بنی دودھ ، چینی اور بہترین پتی اور الائچی سے تیار کردہ کڑک چائے کو دبئی کا خاص مشروب سمجھا جاتا ہے۔
معین کا کہنا ہے کہ ابتدا میں اس کی قیمت فقط ایک درہم رکھی گئی تھی جو اب ڈیڑھ درہم تک بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔
چائے میں استعمال ہونے والی ہر چیز مہنگی ہو گئی دودھ، چینی، چائے کی پتی وغیرہ یہاں تک کہ ڈسپوزایبل کپ کی قیمت میں دوگنا اضافہ ہو گیا ہے۔
رات کی شفٹ میں چار کپ کڑک چائے کی طلب ہوتی ہے۔ فوٹو اے پی
اس خاص مشروب کی قیمت میں اضافہ پر معین کا کہنا ہے کہ آخر ہمیں بھی زندہ رہنا ہے، تقریباً دو دہائیوں سے الائچی کے ذائقے اور تھکن اتارنے والے مشروب کی قیمت ایک درہم ہی رہی ہے جو کہ اماراتی 100 فلس کا ایک سکہ تھا۔
یہاں موجود انڈیا کی ریاست کیرالہ کے ذیشان رزاق نے کہا ہے کہ اپنے اکاؤنٹنٹ ساتھی کے ہمراہ یہاں چائے پینے آتا ہوں اور مہنگائی کے بارے میں فکرمند ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کڑک چائے یہاں کے نایاب عطیات میں سے ایک ہے جسے فقط ایک درہم میں خرید سکتے تھے۔
یہ مشروب امیر اور غریب تارکین وطن اور کارکنوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا رہا لیکن دنیا میں ہر طرف بڑھتی ہوئی مہنگائی اس پر بھی اثرانداز ہو گئی ہے۔
خاص اجزا سے تیار کردہ چائے کو خاص مشروب سمجھا جاتا ہے۔ فوٹو اے پی
امارات میں رہائش پذیر فلسطینی عبداللہ موسویس کا کہنا ہے کہ یہ اس خاص چائے کےعلاوہ یہاں پر ایک معروف برانڈ کی کون آئس کریم کی قیمت بھی حال ہی میں ایک درہم سے بڑھ کر 2 درہم ہو گئی ہے ۔
امارات میں معروف برانڈ کی فرنچائز کا کہنا ہے کہ ہمیں آپریٹنگ، آلات، افرادی قوت اور آئس کریم کے بنیادی اجزا کے اخراجات میں اضافے کی وجہ سے قیمت بڑھانے کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔
پاکستان سے آئے ارسلان جو پانچ سال سے امارات میں 12 گھنٹے کیب چلاتے ہیں اور اپنی رات کی شفٹ میں انہیں تقریبا چار کپ اس خاص کڑک چائے کی طلب ہوتی ہے انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں کرایہ ، کھانا اور پٹرول کے اخراجات میں اضافہ کے بعد چائے کی قیمت میں اضافہ عام بات ہے۔