Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب دور دراز علاقوں میں بھی فون کام کر سکے گا

ایلون مسک نے کہا کہ اب دنیا میں موبائل فون کے لیے ڈیڈ زون نہیں رہے گا۔ فوٹو: اے ایف پی
اب دنیا کے دور دراز علاقوں اور صحراؤں میں بھی موبائل فون کی کالز ملائی جا سکیں گی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایلون مسک کے سپیس ایکس سیٹلائٹس اگلے سال سے سیل ٹاورز کی پہنچ سے باہر انتہائی دور دراز مقامات پر بھی سروس تک رسائی فراہم کرنے کے لیے براہ راست ٹی موبائل کمپنی کے سیل فونز سے منسلک ہو جائیں گے۔
اس کا اعلان دونوں کمپنیوں نے جمعرات کو کیا۔
ٹی موبائل فونز زمین کے مدار میں سپیس ایکس کے ہزاروں سٹار لنک سیٹلائٹس کے نیٹ ورک کو استعمال کریں گے۔ سنہ 2023 کے آخر سے ٹیکسٹ میسجنگ سروس شروع ہو جائے گی جبکہ اس کے بعد وائس کالز اور ڈیٹا سروس کی باری آئے گی۔
بیان کے مطابق یہ سروس صارفین کے پاس پہلے سے موجود ٹی موبائل فونز پر بھی مؤثر ہوگی۔
امریکی ریاست ٹیکساس میں سپیس ایکس سٹاربیس میں ایک تقریب کے دوران ایلون مسک نے کہا کہ ’اس کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ دنیا کے ہر کونے میں آپ کے فون کو منسلک کرے گا اور اب کوئی ’ڈیڈ زون‘ نہیں رہے گا۔‘
پہاڑی علاقوں میں ہائیکرز کے گم ہو جانے کی مثال دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ یہ سروس زندگیاں بچائے گی۔
’اب ہم ایسی خبریں نہیں پڑھیں گے کہ لوگ گم ہو گئے اور اگر ان کے پاس موجود فون کام کر رہا ہوتا تو سب کچھ ٹھیک رہتا۔‘
دنیا میں برسوں سے سیٹلائیٹ فون موجود ہیں تاہم صارفین کو ان کے استعمال کے لیے سٹار لنک کے ٹرمینل جیسے مخصوص ہارڈ ویئر کی ضرورت ہوتی ہے۔ 

سپیس ایکس کے سٹارلنک سیٹلائٹس براہ راست ٹی موبائل استعمال کرنے والوں کو سنگلز دیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ’یہ سروس اس طرح کی بینڈوتھ نہیں دے گی جیسے کہ سٹارلنک کا ٹرمینل دیتا ہے لیکن اس کے ذریعے ٹیکسٹ میسجز اور تصاویر بھیجی جا سکیں گی اور اگر اس زون میں زیادہ صارفین نہ ہوئے تو آپ کو کسی حد تک ویڈیو بھی مل سکے گی۔‘
ٹی موبائل کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مائیک سیورٹ نے کہا کہ وہ توقع کر رہے ہیں زیادہ تر فون پیکجز پر یہ سروس مفت دستیاب ہو گی تاہم کم قیمت پیکج استعمال کرنے والے صارفین کے لیے نرخ مقرر ہوں گے۔

شیئر: