جدہ میں بھی دو تاریخی مساجد کی ترمیم و تزئین کی جائے گی
جدہ کے علاقے ’حارۃ الشام‘ کی مسجد ’ابوعنبہ‘ 900 برس قبل تعمیر کی گئی تھی( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا منصوبہ برائے ترمیم و تزئین تاریخی مساجد کے دوسرے مرحلے پر کام جاری ہے۔
اس مرحلے میں جہاں ریاض اور مشرقی ریجن کی مساجد کی تزئین کی جائے گی وہاں جدہ کی بھی دو تاریخی مساجد کی ترمیم وتزئین کی جائے گا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق تاریخی مساجد کی ترمیم کے دوسرے مرحلے میں جدہ کے علاقے ’حارۃ الشام‘ کی مسجد ’ابوعنبہ‘ بھی ہے۔ یہ مسجد 900 برس قبل تعمیر کی گئی تھی۔
مسجد ابوعنبہ کا مجموعی رقبہ 339.98 مربع میٹرہے جبکہ اس مسجد میں 360 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مسجد کو اس کے اصل خدوخال اورطرز تعمیر کو بحال رکھتے ہوئے اس میں ترمیم کی جائے گی تاکہ تاریخی وقدیم مسجد کی اصل بناوٹ اورطرز تعمیر سے لوگ واقف رہیں۔
جدہ میں بلد کے علاقے میں دوسری مسجد ’الخضر‘ ہے جسے تقریبا 700 برس قبل تعمیر کیا گیا تھا۔ اس مسجد کا رقبہ 335.53 مربع میٹرہے جبکہ اس کی تعمیرنوکے بعد اس کا مجموعی رقبہ 355.09 ہو جائے گا جبکہ اس میں نمازیوں کی گنجائش 355 ہے۔
واضح رہے ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبے کے تحت مملکت بھرمیں 130 تاریخی وقدیم مساجد کی از سرنو تعمیر وتزئین کی جارہی ہے۔
قدیم مساجد کی تعمیر نوکا مقصد ہے کہ ان مساجد کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر انہیں ان کی اصل شکل وصورت اورطرز تعمیر کے مطابق دوبارہ بنایا جائے تاکہ ان مساجد کی اصل شکل واضح رہے۔
منصوبے کے دوسرے مرحلہ میں مملکت کے 13 شہروں میں 30 قدیم مساجد کی تعمیر نوکی جائے گی جن میں 6 ریاض ریجن، 5 مکہ مکرمہ، چار مدینہ منورہ، 3 عسیرریجن ، جازان ، مشرقی ریجن اورالجوف میں دو، 2 مساجد جبکہ نجران، قصیم ، الباحہ، تبوک، حائل اور الحدود الشمالیہ میں ایک ایک مساجد کو دوسرے مرحلے میں درست کیاجائے گا۔