Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ریجن کی چھ قدیم اور تاریخی مساجد کی بحالی کا منصوبہ

مملکت کے مختلف ریجنز میں 30 مساجد کی ترمیم و آرائش کی جائے گی(فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں ریاض ریجن کی  قدیم وتاریخی مساجد کی ترمیم وتزئین اور دیکھ بھال پر بہت زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔ 
منصوبے کے تحت ریاض ریجن کی 6 قدیم و تاریخی مساجد کو ان کے اصل طرز تعمیر کوبحال رکھتے ہوئے ترمیم وتزئین کا عمل جاری ہے۔ منصوبے کا مقصد مساجد کی قدیم تعمیراتی خصوصیات کو محفوظ کرتے ہوئے انہیں نئے تعمیراتی سامان سے آراستہ کرنا ہے تاکہ تاریخ کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کی جائے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریاض میں جن 6 مساجد کی ترمیم و آرائش کی جائے گی ان میں پہلی مسجد ریاض کے منفوحہ محلے کے جنوب میں واقع مسجد ’القبلی ‘ ہے۔ یہ مسجد 1100 سال ہجری میں تعمیر ہوئی تھی۔ اس قدیم مسجد کا طرز تعمیر اماراتی قصورسے ملتا ہے۔ 
اس تاریخی مسجد کی توسیع شاہ عبدالعزیز نے 1364 میں کرائی تھی۔ توسیع سے قبل اس کا رقبہ 642.85 مربع میٹرتھا توسیع کے بعد 804.32 مربع میٹرہو گیا جس کے بعد مسجد میں 440 نمازیوں کی گنجائش ہو گئی۔ 
ریاض کے محلے ’الظھیرہ‘ میں مسجد ’الرمیلہ‘ ہے جسے وہاں کے لوگ مسجد آل سلمہ کا بھی نام دیتے ہیں۔ اس قدیم مسجد کا رقبہ توسیع سے قبل 1184.69 مربع میٹرتھا بعدازاں اس میں توسیع کرنے کے بعد رقبہ 1555.92 مربع میٹرہو گیا جبکہ نمازیوں کی گنجائش 327 سے بڑھ کر657 تک ہوگئی۔ 
الدرعیہ شہر میں ایک انتہائی قدیم مسجد جو اس وقت مٹی اورگارے سے بنائی گئی تھی اسے مسجد العودہ کہا جاتا ہے۔ اس کا مجموعی رقبہ 794 مربع میٹرسے بڑھا کر1369.82 مربع میٹرکیا گیا جس کے بعد یہاں 992 افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش پیدا ہوگئی جبکہ توسیع سے قبل 510 افراد کی گنجائش تھی۔ 

 ریاض سے باہر قدیم مسجد القلعہ 1250 سال ہجری میں تعمیر کی گئی تھی (فوٹو ایس پی اے)

 ریاض شہر سے باہرقدیم مسجد القلعہ جو کہ حوطہ بنی تمیم میں ہے، یہ 1250 سال ہجری میں تعمیر کی گئی تھی اس کو مسجد  امام ترکی آل سعود کے قلعہ کی نسبت سے ‘مسجد القلعہ ‘ کا نام دیا گیا۔ اس مسجد کا رقبہ 625.78 مربع میٹرہے جس میں 180 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ 
الافلاج شہر میں مسجد الحزیمی کی تعمیر100 برس قبل کی گئی تھی اس میں 110 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ المجمعہ شہر کے مغرب میں ’مسجد الروسا ‘ کی تعمیر 1365 سال ہجری میں کی گئی تھی اس  کا رقبہ 663 مربع میٹرہے جس میں 210 نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس مسجد کا شمار علاقے کی قدیم ترین مساجد میں کیا جاتا ہے۔ 
واضح رہے قدیم مسجد کی تزئین وتعمیر کے حوالے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبے کے تحت دوسرے مرحلے میں مملکت کے مختلف ریجنز میں 30 مساجد کی ترمیم و آرائش کی جائے گی۔

شیئر: