Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ: شاہنواز دھانی انڈیا کے خلاف میچ سے قبل انجری کا شکار

میڈیکل ٹیم آئندہ 48 سے 72 گھنٹے تک شاہنواز دھانی کی انجری کا معائنہ کرے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایشیا کپ ٹی20 میں اتوار کو انڈیا سے میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کو ایک اور دھچکا لگا ہے اور فاسٹ بولر شاہنواز دھانی انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
 پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق شاہنواز دھانی اتوار کو بھارت کے خلاف میچ کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ وہ ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔
پی سی بی کے مطابق یہ ممکنہ طور پر سائیڈ اسٹرین انجری ہے۔ میڈیکل ٹیم آئندہ 48 سے 72 گھنٹے تک شاہنواز دھانی کی انجری کا معائنہ کرے گی۔ اس کے بعد ان کی انجری کا سکین یا ان کی ٹورنامنٹ میں مزید شرکت سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر بھی انجریز کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
25 اگست کو پریکٹس سیشن کے دوران کمر میں تکلیف محسوس کرنے پر محمد وسیم جونیئر کا دبئی میں ایم آر آئی سکین کروایا گیا تھا۔
ایم آر آئی سکین رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد  پی سی بی میڈیکل پینل نے انہیں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
ان کے متبادل کے طور پر فاسٹ بولر حسن علی کو پاکستانی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بھی گھٹنے کے علاج کے لیے لندن بھیجوا دیا ہوا ہے۔

شیئر: