Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا مصری صدر السیسی کو پیغام

سعودی ولی عہد کا زبانی پیغام وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے پہنچایا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے لیے زبانی پیغام بھیجا ہے۔
اس  پیغام کا تعلق دونوں برادر ملکوں کے تاریخی رشتوں اور برادرانہ تعلقات نیز انہیں جدید خطوط پر استوار کرکے مضبوط بنانے سے ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد کا کہنا ہے کہ’ سعودی عرب مشترکہ عرب جدوجہد کے استحکام اور عربوں میں مکمل یکجہتی کے فروغ کا خواہش مند ہے‘۔
’سعودی عرب چاہتا ہے کہ ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے عرب ممالک اور ان کے عوام کی امیدیں پوری ہوں‘۔

 شہزادہ فیصل بن فرحان نے قاہرہ میں مصری صدر سے ملاقات کی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

سعودی ولی عہد کا زبانی پیغام اتوار کو وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے قاہرہ کے الاتحادیہ محل میں ملاقات کے دوران صدر عبدالفتاح السیسی کو پہنچایا ہے۔ 
علاوہ ازیں العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے۔
 اس موقع پر مصری وزیر خارجہ سامح شکری اور قاہرہ میں سعودی سفیر اسامہ نقلی بھی موجود تھے۔
مصری ایوان صدارت کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ’سعودی وزیر خارجہ اور مصری صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے بعض امور پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر مشاورت کی‘۔
سعودی وزیر خارجہ نے مصری صدر کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز ااور ولی عہد کی طرف سے خیر سگالی کے پیغامات بھی پہنچائے ہیں۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’مصراور سعودی عرب کے تاریخی رشتے گہرے ہیں۔ دونوں ملکوں کے برادر عوام ایک دوسرے سے برادرانہ تعلق رکھتے ہیں۔ سعودی عرب مختلف سطحوں پر مصر کے ساتھ سٹراٹیجک تعاون کو مضبوط بنانے، مشترکہ جدوجہد کا عمل جاری رکھنے اور مختلف علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر یکجہتی چاہتا ہے‘۔

شیئر: