اپنا اصل نام اسلم کیوں چھپایا؟ کنگنا رناوت کا مہیش بھٹ سے سوال
کنگنا رناوت نے بالی وڈ کیریئر مہیش بھٹ کی فلم گینگسٹر سے شروع کیا تھا (فائل فوٹو)
انڈین اداکارہ کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا ہے کہ ’فلم ساز مہیش بھٹ کا نام اسلم تھا جو انہوں نے چھپا رکھا ہے۔‘
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی سٹوری کی متعدد پوسٹوں میں کنگنا رناوت نے مہیش بھٹ کی ایک پرانی ویڈیو بھی شیئر کی۔
اس کلپ کے ساتھ اداکارہ نے مہیش بھٹ کے اصل نام کا ذکر کیا۔
سنہ 2006 میں مہیش بھٹ کی فلم گینگسٹر سے کیریئر شروع کرنے والی کنگنا رناوت نے اپنی ایک پوسٹ کے کیپشن میں مہیش بھٹ کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ ’مہیش جی اتفاقی اور شاعرانہ انداز میں لوگوں کو تشدد پر بھڑکا رہے ہیں۔‘
اسی ویڈیو کا ایک اور حصہ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’مجھے بتایا گیا کہ ان (مہیش بھٹ) کا اصل نام اسلم ہے۔ وہ اپنی دوسری اہلیہ (سونیا رازدان) سے شادی کے لیے کنورٹ ہوگئے تھے۔ یہ ایک خوب صورت نام ہے، چھپایا کیوں جائے؟‘
ایک اور پوسٹ میں کنگنا رناوت نے لکھا کہ ’انہیں اپنا اصل نام استعمال کرنا چاہیے، خود کو چھپانا نہیں چاہیے۔‘
انڈین اداکارہ ماضی میں بھی مہیش بھٹ کو یہ کہہ کر ہدف تنقید بناتی رہی ہیں کہ ان کی بیٹی پوجا بھٹ کی فلم کرنے سے انکار کے بعد فلم ساز نے ان سے بدسلوکی کی ہے۔