سرکاری ہسپتالوں کی پارکنگ سب کے لیے ہیں
’شہریوں نے شکایت کی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی پارکنگ بند رکھی جاتی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ وزارت صحت کے دفتر کے ترجمان حاتم المسعودی نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی پارکنگ ڈاکٹروں یا عملے کے لیے مختص نہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ پارکنگ عوامی ہے اور ہسپتالوں سے رجوع کرنے والے تمام افراد کے لیے عام ہے‘۔
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں بعض شہریوں نے شکایت کی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی پارکنگ بند رکھی جاتی ہے۔
رجوع کرنے والے شہریوں سے کہا جاتا ہے کہ یہ پارکنگ ڈاکٹروں اور ہسپتال کے عملے کے لیے مختص ہے۔
اس کے باعث شہریوں کو اپنی گاڑیاں پارک کرنے میں کافی مسائل کا سامنا ہے جبکہ بعض مریضوں کو ہسپتال کے دروازے کے سامنے اتارنا ضروری ہوتا ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ ’اگر پارکنگ میں گنجائش ہے تو کسی کو پارک کرنے سے روکا نہیں جاسکتا جبکہ پارکنگ میں جگہ نہ ہونے کی صورت میں کم سے کم اتنی جگہ باقی رکھی جانی چاہئے کہ مریضوں کو سوار کرنے اور اتارنے کی سہولت موجود ہو‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہر ہسپتال کی پارکنگ میں معذور افراد کے علاوہ گردے کے مریضوں کے لیے الگ اور مخصوص پارکنگ موجود ہے جہاں عام افراد کو گاڑی کھڑی کرنے سے منع کیا جاتا ہے‘۔