انڈیا میں بریانی نہ بنانے پر شوہر نے اہلیہ کو زخمی کردیا
منگل 6 ستمبر 2022 17:24
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پولیس کے مطابق ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیان ریاست مہاراشٹر کے ضلع لاتر میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ کو بریانی نہ بنانے پر چاقو کے وار سے زخمی کردیا۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ وکرم ونایک نامی شخص 31 اگست کی رات نشے کی حالت میں اپنے گھر آیا اور کھانے میں بریانی نہ بنانے پر اپنی بیوی پر چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔
پولیس انسپیکٹر سدھاکر بوکر کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 31 اگست کو نندد روڈ پر پیش آیا تھا جب وکرم نے کھانے پر شروع ہونی بحث کے بعد اپنی بیوی پر حملہ کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وکرم کے خاندان کے افراد اسے روکتے رہے لیکن وہ پھر بھی اپنی بیوی پر تشدد کرتا رہا۔
چاقو کے حملے سے خاتون بری طرح زخمی ہوئیں تھیں جس کے بعد انہیں ایک سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہوگیا ہے لیکن اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔