Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ: پاکستان اور انڈیا کے درمیان تیسرا میچ بھی ہو سکتا ہے؟

ایشیا کپ میں رہنے کے لیے انڈیا کو منگل کے روز سری لنکا کو ہرانا ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا اب تک دو مرتبہ آمنے سامنے آچکے ہیں۔
پہلے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ سُپر فور مرحلے میں پاکستان نے اتوار کے روز انڈیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔
تاہم اس بات کا قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اتوار 11 ستمبر کو پاکستان اور انڈیا ایک مرتبہ پھر ایشیا کپ کے فائنل میں مدمقابل آئیں گے۔
سُپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا اب تک اپنا ایک ایک میچ جیت چکے ہیں لہٰذا ان دونوں ٹیموں کو فائنل میں پہنچنے کے لیے مزید ایک، ایک میچ جیتنا ہوگا۔
دوسری جانب افغانستان اور انڈیا کو فائنل تک رسائی کے لیے اپنے دونوں میچز ہر صورت میں جیتنا ہوں گے۔
اگر منگل کے روز سری لنکا نے انڈیا کو شکست دے دی تو انڈیا ایونٹ سے باہر ہوجائے گا مگر انڈیا کی کامیابی کے صورت میں سری لنکا اور انڈیا کے درمیان پوائنٹس برابر ہوجائیں گے۔
اس کے علاوہ پاکستان اور افغانستان کے میچ میں پاکستان کی کامیابی کی صورت میں افغانستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا اور اس کے لیے فائنل تک رسائی آسان ہوجائے گی، تاہم اگر افغانستان نے پاکستان کو ہرا دیا تو معاملہ نیٹ رن ریٹ کی طرف جائے گا۔
اگر سری لنکا اپنا میچ پاکستان سے جیت جاتا ہے اور انڈیا اپنے دونوں میچز جیت جاتا ہے تو سری لنکا اور انڈیا فائنل میں پہنچ جائیں گے۔
منگل کے روز ایشیا کپ میں انڈیا کو ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے ہر صورت سری لنکا کو ہرانا ہوگا۔

شیئر: