آئی فون 14، ’سیٹلائیٹ رابطہ اور کار کریش ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی بھی‘
آئی فون 14، ’سیٹلائیٹ رابطہ اور کار کریش ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی بھی‘
جمعرات 8 ستمبر 2022 8:09
کمپنی کی جانب سے آئی فون 14 دو سائز میں متعارف کروایا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون کے نئے ماڈل لانچ کر دیے ہیں اور دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فون کی قیمت کو کم رکھنے کی کوشش کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بدھ کی رات رواں سال کی سب سے بڑی لانچ میں کمپنی نے اپنی مصنوعات کی توجہ نئی تکنیکی چیزوں کو مزید خوبصورت انداز میں پیش کرنے کے بجائے اس کے حفاظتی نظام کو بہتر بنانے پر مرکوز کی ہے۔
کمپنی کی جانب سے آئی فون 14 دو سائز میں متعارف کروایا گیا یعنی معمول کے آئی فون 14 اور بڑی سکرین یا ڈسپلے کے ساتھ آئی فون 14 پلس۔
امریکہ میں آئی فون 14 کی رونمائی کے دوران دکھایا گیا کہ نئے فون میں ایمرجنسی سیٹلائیٹ کنکٹیویٹی اور کار کریش ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی بھی موجود ہے۔
اپیل کمپنی کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران نئے فون کے چار ورژن متعارف کروائے گئے ہیں۔
عالمی وبا کے بعد منعقد کی گئی تقریب میں پہلی مرتبہ عام لوگوں کو بھی شریک ہونے کی اجازت تھی۔
تقریب میں ایپل نے دی واچ الٹرا کی بھی رونمائی کی لیکن لوگوں کی توجہ کا مرکز نیکسٹ جنریشن کے آئی فون اور ایئر پاڈ ہی رہے۔
تقریب میں دکھائی گئی پریزنٹیشن پہلے سے ریکارڈ شدہ تھی تاہم سٹیج پر ایپل کے سی ای او ٹم کک موجود تھے۔
نئے آئی فون کی قیمت وہی رکھی گئی ہے جو گزشتہ برس آئی فون 13 کی تھی۔
تاہم رواں سال آئی فون نے اپنے سب سے کم قیمت ’آئی فون منی‘ کو لانچ نہیں کیا جس کا مطلب ہے کہ اب آئی فون 14 کی کم سے کم قیمت بھی گزشتہ برس کے ’آئی فون منی‘ کی قیمت سے سو ڈالر زیادہ ہوگی۔
آئی فون 14 کی قیمت 799 ڈالر سے شروع ہوگی اور آئی فون 14 پلس کی قیمت 899 ڈالر ہوگی۔
علاوہ ازیں آئی فون پرو 999 ڈالر جبکہ آئی فون پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالر ہوگی۔